ثانیہ مرزا اور محمد سمیع کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم، والد کا بڑا بیان

ہندوستان کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد واقعی فاسٹ بولر محمد سمیع سے شادی کرنے جا رہی ہیں؟ آج کل یہ افواہیں کافی پھیل رہی ہیں جس پر ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق پچھلے چند روز سے ایسی افواہیں گردش کررہی ہیں کہ ثانیہ مرزا اور محمد سمیع شادی کرنے والے ہیں۔ ثانیہ مرزا اور محمد سمیع ہندوستان کے کامیاب ترین کھلاڑی ہیں۔ ثانیہ مرزا ٹینس کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہیں اور محمد سمیع کرکٹ کی دنیا کے نام نہاد کھلاڑی ہیں۔ 2023 کے ورلڈ کپ میں محمد سمیع کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔ ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان رواں برس کے آغاز میں طلاق ہو گئی تھی جبکہ محمد سمیع کی بھی اپنی اہلیہ حسین جہاں سے علیحدگی ہو چکی ہے جنہیں ایک لڑکی بھی ہے۔ ان افواہوں کے بیچ این ڈی ٹی وی نے ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا سے رابطہ کیا تو انہوں نے ان کو لغو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ (ثانیہ مرزا) تو محمد سمیع سے کبھی ملیں بھی نہیں۔‘ ثانیہ مرزا جو اب ٹینس سے ریٹائر ہو چکی ہیں، وہ حال ہی میں معروف فرنچ اوپن 2024 کے لیے بطور کوچ خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ٹینس اسٹار نے شعیب ملک سے علیحدگی کے اعلان کے تقریباً پانچ ماہ بعد حج کا مقدس سفر کیا ہے۔ 9 جون کو انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں صارفین سے اپنی غلطیوں پر معافی بھی طلب کی تھی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’مجھے حج کے عظیم الشان سفر پر جانے کا موقع ملا ہے اور میں اس زندگی بدل دینے والے سفر پر روانہ ہو رہی ہوں، میں عاجزی سے آپ سے معافی کی طلبگار ہوں۔‘ ثانیہ مرزا نے مزید لکھا ’میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ میری عبادات کو قبول فرمائے اور مجھے سلامتی کے راستے پر چلائے۔ براہ کرم مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’امید ہے کہ میں اس سفر سے جب واپس آؤں گی تو میرے دل میں عاجزی ہو گی اور میرا ایمان مزید مضبوط ہو گا۔‘ ثانیہ مرزا حالیہ دنوں میں کپل شرما کے شو میں دکھائی دی تھیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے بارے میں بات چیت بھی کی تھی۔
