مہاراشٹر میں دیویندر فڑنویس کی حلف برداری تقریب آج، وزیراعظم مودی سمیت سینئر لیڈران ہوں گے شامل

مہاراشٹر کو آج نیا وزیر اعلیٰ ملنے والا ہے۔ مہاراشٹر میں آج یعنی 5 دسمبر کو نئی مہایوتی حکومت کی حلف برداری کی تقریب ہونے والی ہے۔ دیویندر فڑنویس تیسری بار مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ مہاراشٹر میں نئی حکومت کی حلف برداری تقریب آج شام 5.30 بجے آزاد میدان میں ہوگی۔ شیو سینا کے ایکناتھ شندے اور این سی پی سربراہ اجیت پوار نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ وزیر اعلی کے طور پر دیویندر فڑنویس کی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم مودی سمیت نو مرکزی وزراء شرکت کریں گے۔ چندرابابو نائیڈو، نتیش کمار اور یوگی آدتیہ ناتھ بھی شرکت کریں گے۔ یہی نہیں اس حلف برداری کی تقریب میں 1000 لاڈکی بہنیں بھی شریک ہوں گی۔ حلف برداری کی تقریب کے لیے ممبئی میں تیاریاں مکمل ہیں۔ مہمانوں کی فہرست تیار ہے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ آزاد میدان اور اس کے آس پاس وی وی آئی پی موومنٹ کے پیش نظر ممبئی ٹریفک پولیس نے عام لوگوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس دوران کئی سڑکیں بند رہیں گی۔ حالانکہ اس تقریب کے دوران دیویندر فڑنویس، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے علاوہ کوئی اور حلف اٹھائے گا یا نہیں اس کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
