گاندھی بھون میں جشن، مہیش کمار گوڑ اور سمپت کمار کی شرکت

کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں آج قائدین اور کارکنوں نے جشن منایا۔ پسماندہ طبقات اور درج فہرست اقوام سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اسمبلی میں طبقاتی رپورٹ کی پیشکشی اور ایس سی زمرہ بندی کے حق میں قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے آتشبازی کی اور بیانڈ باجے پر رقص کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ صدر پردیش مہیش کمار گوڑ، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار، سابق وزیر ایم چندر شیکھر، سابق وزیر پشپا لیلا اور دیگر قائدین نے کارکنوں کے ساتھ جشن میں حصہ لیا اور حکومت کے دو اہم فیصلوں پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ کانگریس کارکنوں نے صبح سے جشن کا آغاز کیا جو شام تک جاری رہا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت پسماندہ طبقات اور درج فہرست اقوام کی ترقی میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی اور طبقاتی سروے رپورٹ کی منظوری حکومت کا تاریخی اقدام ہے اور ملک بھر میں ایک نئی مثال پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو قومی سطح پر طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی کے چناؤ میں طبقاتی سروے کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ سمپت کمار نے اسمبلی میں ایس سی زمرہ بندی کے حق میں قرارداد کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایس سی طبقات طویل عرصہ سے زمرہ بندی کی مانگ کررہے تھے اور سپریم کورٹ نے زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ سمپت کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پھر ایک مرتبہ ثابت کردیا کہ وہ بی سی اور ایس سی طبقات کی ترقی کے معاملہ میں سنجیدہ ہے۔ جشن میں سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے حصہ لیا جس کے نتیجہ میں گاندھی بھون کے باہر ٹریفک میں خلل پڑا۔
