ذات پات کی سروے رپورٹ ”کھودا پہاڑ نکلا چوہا”

بی آر ایس کے فلور لیڈر جی مدھو سدن چاری نے کانگریس کے ذات پات کے سروے کی رپورٹ کو ”جھوٹ کا پلندہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اس سروے کو مسترد کرتی ہے۔ کونسل میں آج مدھو سدن چاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں بی سی طبقہ کو 42% تحفظات فراہم کرنے وعدہ کیا تھا، حکومت کی تشکیل کے ایک سال بعد جو سروے رپورٹ پیش کی گئی ہے، وہ ”کھودا پہاڑ نکلا چوہا” کے مترادف ہے۔ بی سی طبقات کو اس سروے رپورٹ سے کافی اُمیدیں تھیں لیکن ریاست میں ہر طرف مایوسی پھیل رہی ہے۔ کے سی آر نے جب خاندانی جامع سروے کرایا تھا، تب ساری ریاست میں تہوار جیسا ماحول تھا، لیکن کانگریس حکومت کی جانب سے کرایا گیا سروے میں ریاست بھر میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اس سروے میں بی سی طبقات کی 20 لاکھ آبادی کو گھٹا دیا گیا ہے۔ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر بنڈا پرکاش نے حکومت کوئی بھی ہو، عوام کیلئے خوشحالی کے کام انجام دینا چاہئے۔ کانگریس پارٹی اس رپورٹ پر گاندھی بھون میں تو جشن منا سکتی ہے لیکن ریاست کے دیہاتوں میں آتش بازی ہرگز نہیں کرسکتی کیونکہ سماج کا کوئی بھی طبقہ اس سروے سے مطمئن نہیں ہے بلکہ عوام حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
