شہر میں ٹریفک سے نمٹنے کیلئے 7 فلائی اوورس کی تعمیر کو چیف منسٹر کی منظوری

n65205984517395669566566af0cffb73430f7011e10455dd17d683196c9d8a74a207babb4148800d670b56

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے 7 فلائی اوورس کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں حیدرآباد کے ترقیاتی پراجکٹس اور ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کے اہم جنکشنوں پر 7 فلائی اوورس کی تعمیر کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹنڈرس طلب کریں اور تعمیری کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تاخیر کے بغیر فوری ٹنڈرس طلب کئے جائیں اور اراضی کے حصول کے کام کا آغاز کیا جائے تاکہ فلائی اوورس کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل ہوسکے۔ چیف منسٹر نے شہری علاقوں کی ترقی سے متعلق منصوبہ کا جائزہ لیا اور کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں بین الاقوامی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے پراجکٹس کی تکمیل کے ڈرون سروے کی تجویز پیش کی تاکہ جاریہ پائلٹ پراجکٹ کی تکمیل میں سہولت ہو۔ ہاؤزنگ ، پانی کی سربراہی ، برقی اور سیوریج انفراسٹرکچر کے سلسلہ میں پیشرفت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے ذریعہ شہری علاقوں میں مستقبل میں انفراسٹرکچر سہولتوں کا تعین کیا جاسکے گا۔ حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر نے اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریفک جام کے بغیر گاڑیوں کی بآسانی آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے گوگل ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے جھیلوں اور ذخائر آب کی بحالی اسٹارم ڈرین اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو شہر میں جاری ترقیاتی پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔