ہند ۔ امریکی تعلیمی اداروں کے اشتراک پر زور

امریکہ کے شہر الینوئیس نیپر ولے کے کونسل رکن جناب اشفاق سید نے آج وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کمار مولوگارم سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور مختلف تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس کے علاوہ اعلی تعلیم کے شعبہ میں عالمی سطح پر پائے جانے والے منظرنامہ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ تعلیمی حکمرانی ‘ ادارہ جاتی مہارت ‘ فیکلٹی ڈیولپمنٹ اور ریسرچ پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر اس ملاقات کے موقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جناب اشفاق سید اور پروفیسر کمار مولوگارم نے کئی موضوعات پر بات چیت کی اور طلباء کو عالمی مسابقت سے ہم آہنگ کرنے ‘ اختراعی اور تجارتی صلاحیتوں کو فروخت دینے اور ابھرتے ہوئے صنعتی اور ٹکنالوجی ضروریات کے مطابق تعلیمی نصاب کو ہم آہنگ کرنے جیسے امور پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر ہندوستان کی جامعات اور امریکہ کے تعلیمی اداروں کے مابین اشتراک بشمول طلباء و فیکلٹی کے تبادلوں کے رپوگرامس ‘ مشترکہ ریسرچ پہل اور نالج کے تبادلے کے پلیٹ فارم فراہم کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔ ٹکنالوجی کے استعمال ‘ ڈیجیٹل لرننگ اور بین الاقوامی شراکت پر زور دیا گیا تاکہ معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنایا جاسکے ۔
