زائد از دو درجن ڈیموکریٹ ریاستوں کا ٹرمپ کے خلاف مقدمہ

flash-1

امریکہ کی تقریباً 2 درجن ڈیموکریٹ قیادت والی ریاستوں نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ مقدمہ میں میل اِن ووٹنگ پر نئی پابندیاں لگانے والے صدارتی حکم نامہ کو روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ریاستوں اور ووٹنگ حقوق کی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ووٹنگ کو مشکل بنا سکتے ہیں جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے انتخابی دھاندلی روکنے کے لیے ضروری ہیں۔ نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز سمیت 23 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے حکام نے مقدمہ دائر کیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ صدر کو یک طرفہ طور پر انتخابی قوانین تبدیل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ صدارتی حکم نامہ کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکوریٹی کو ووٹ دینے کے اہل امریکی شہریوں کی فہرست تیار کرنا ہو گی جبکہ امریکی پوسٹل سروس کو صرف ان افراد کو بیلٹ بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے جو مخصوص میل اِن یا غیر حاضری کی ووٹنگ فہرست میں شامل ہوں۔ ووٹنگ حقوق کی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وفاقی سطح کی فہرست نامکمل ہو سکتی ہے اور اس سے پوسٹل سروس پر اضافی دباؤ پڑے گا۔ امریکہ میں میل اِن ووٹنگ کا رجحان کوویڈ 19 کی وباء کے بعد نمایاں طور پر بڑھا ہے اور 2024ء کے انتخابات میں تقریباً ایک تہائی ووٹ ڈاک کے ذریعہ ڈالے گئے تھے۔ ریاستوں کا مؤقف ہے کہ امریکی آئین کے تحت انتخابات کے طریقۂ کار کا اختیار ریاستی حکام کے پاس ہوتا ہے اور نئی پابندیاں صرف کانگریس ہی منظور کر سکتی ہے۔ مقدمہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتخابات سے کچھ ماہ پہلے نظام میں تبدیلی انتشار پیدا کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ مڈٹرم انتخابات سے طے ہو گا کہ امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ پر کس جماعت کا کنٹرول ہو گا۔ ڈونالڈ ٹرمپ پہلے ہی خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ اگر ری پبلکن پارٹی اکثریت کھو دیتی ہے تو انہیں مواخذے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کا ایران میں اسپیشل پیٹروکیمیکل زون پر حملہ
تہران ۔ 4 اپریل (ایجنسیز) امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں اسپیشل پیٹروکیمیکل زون پر حملہ کر دیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں ماہشہر اسپیشل پیٹروکیمیکل زون میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں اور اس حملے میں جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ امریکی و اسرائیلی حملے میں بندرامام پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملے میں کمپلیکس کے کچھ سیکشنز کو نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں بوشہر نیوکلیر پاور پلانٹ پیری میٹر کے قریب پروجیکٹائل حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حملے سے بوشہر پاور پلانٹ کے مرکزی حصوں کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی پروڈکشن متاثر ہوئی ہے۔