گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ

دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور دوپہر کے وقت سڑکوں سے ٹریفک غائب ہوچکی ہے۔ دونوں شہروں کے بعض علاقوں میں اتوار کی دوپہر میں درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کر گیا اور کئی علاقوں میں گرم ہوائیں چل رہی تھیں۔حیدرآبادو سکندرآباد و نواحی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے دوران محکمہ صحت سے جاری رہنما خطوط پر عمل کی تاکید کی جار ہی ہے ۔ شدید دھوپ میں گھروں سے نکلنے سے گریز کیا جائے کیونکہ راست دھوپ میں نکلنے پر لو لگنے کی شکایت کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم گرما کی شدت میں اضافہ کا سلسلہ مزید 10 یوم جاری رہ سکتا ہے۔خانگی ماہرین کا کہناہے کہ 12تا22اپریل شہر میں درجہ حرارت 40 تا 41 ڈگری ہوسکتا ہے جبکہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کے خدشات ہیں۔ اضلاع میں کسی بھی مقام پر 40 ڈگری سے کم درجہ حرارت کا امکان نہیں ہے اور آئندہ 10 یوم مسلسل گرمی اور درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ شمالی تلنگانہ اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کرکے عوام کو متنبہ کیا گیا کہ وہ سخت احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
