مہلوک بس ڈرائیور کے پسماندگان کو 10 لاکھ ایکس گریشیا: پونم پربھاکر

تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی ہڑتال کے دوران خودکشی کرنے والے ڈرائیور شنکر گوڑ کے افراد خاندان میں سے ایک کو ملازمت دینے کا اعلان کیا اور ایکس گریشیا کے طور پر 10 لاکھ روپئے کی امداد اور اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان الاٹ کرنے کا اعلان کیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت شنکر گوڑ کے افراد خاندان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے اس واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی مخالفت کی اور آر ٹی سی جوائنٹ ایکسن کمیٹی سے خواہش کی کہ شنکر گوڑ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، ویویک وینکٹ سوامی اور ڈی سریدھر بابو سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر پونم پربھاکر نے حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا اور خاندان کے ایک فرد کو ملازمت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر ہمدردانہ موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنکرگوڑ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں احتجاجی ملازمین کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی جارہی ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین سے خواہش کی گئی کہ وہ احتجاجی ملازمین کو سمجھائیں اور مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہمدردانہ موقف کے بعد بھی ملازمین کی جانب سے ہٹ دھرمی کے رویہ کی ضرورت نہیں ہے۔
