تلنگانہ میں 75 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ خریدی کا امکان

وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دھان کی خریدی کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت گزشتہ سال کے ریکارڈ کو توڑ دے گی اور توقع ہے کہ 75 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی جائے گی۔ ریاست میں دھان کی خریدی 70.06 لاکھ میٹرک ٹن مکمل ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے محکمہ سیول سپلائیز اور زراعت کے عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں دھان کی خریدی کے موقف کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ ریاست کے تمام خریدی مراکز پر مزید 4.95 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی آمد کا امکان ہے ۔ اس طرح گزشتہ سال کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ گزشتہ سال 74.2 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی گئی تھی اور اس مرتبہ 75 لاکھ میٹرک ٹن کا نشانہ عبور کرلیا جائے گا۔ انہوں نے دھان کی خریدی پر عہدیداروںکی ستائش کی اور کہا کہ کسانوں کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہے اور مانسون کی آمد سے قبل خریدی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے نظام آباد ، نرمل ، ناگر کرنول ، ونپرتی اور وقار آباد اضلاع میں عہدیداروں کو توجہ دینے کی ہدایت دی جہاں آئندہ 10 دن تک دھان خریدی مراکز پر پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مانسون کی آمد سے قبل دھان کی خریدی کو مکمل کرلیں تاکہ بارش کی صورت میں کسانوں کو نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ اضلاع میں آئندہ دو دن میں خریدی مکمل ہوجائے گی۔
