اندراماں ہاؤزنگ ‘دوسرے مرحلہ میں 3.5 لاکھ مکانات کی تعمیر

srinivas-reddy

وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ غریبوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے شہری علاقوں میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت حیدرآباد اور اس کے اطراف کیور حدود میں ایل آئی جی اور ایم آئی جی زمرہ جات کے تحت مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ لوور انکم اور مڈل انکم گروپس کے تحت مکانات تعمیر کرتے ہوئے خواتین کے نام پر الاٹ کئے جائیں گے۔ سرینواس ریڈی نے کیور حدود میں اندراماں ہاؤزنگ کیلئے اراضی کی نشاندہی کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026-27 کے دوران کیور حدود میں ایک لاکھ جبکہ دیگر علاقوں میں 2.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ کے دوسرے مرحلہ میں جملہ 3.50 لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں تمام ضروری اجازت نامے جلد جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے 30 تا 40 کیلو میٹر دور ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے لیکن استفادہ کنندگان اپنے مقامات چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اسمبلی حلقہ جات کے حدود میں سرکاری اراضیات کا انتخاب کرتے ہوئے مکانات کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر اور الاٹمنٹ میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مکانات کی تعمیر کے دوران بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کو ترجیح دیں۔ اس موقع پر سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔