کاماریڈی میں موسلا دھار بارش، کسانوں کو مشکلات

کاماریڈی ضلع میں کل شام ہونے والی موسلادھار بارش نے شدید گرمی سے عوام کو وقتی راحت تو پہنچائی، تاہم کئی علاقوں میں عوام اور کسانوں کے لیے مشکلات بھی کھڑی کر دیں۔ ضلع کے مختلف منڈلوں میں ہلکی سے شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کاماریڈی ٹاؤن میں تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور ٹریفک نظام متاثر ہوگیا۔شہر کے 43ویں وارڈ کے تحت واقع ٹیچرس کالونی میں سیلابی پانی کے دباؤ سے مرکزی ڈرینیج نالہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ نالے کی دیواریں منہدم ہونے کے ساتھ ساتھ اطراف کی سڑکیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں، جس کے نتیجہ میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا۔ سیلابی پانی سڑکوں اور رہائشی مکانات کے قریب جمع ہونے سے مقامی مکینوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ وارڈ کونسلر ونشی کرشنا نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمشنر کو واقف کروایا اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کرنے، عارضی مرمتی کام انجام دینے اور ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ضلع کے مختلف منڈلوں بشمول بھکنور، دومکونڈہ، بی بی پیٹ، ماچار یڈی، راماریڈی، گاندھاری اور سداسیو نگر میں بھی اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر برقی کھمبے گرنے سے برقی کی سربراہی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع میں سب سے زیادہ 82 ملی میٹر بارش کاماریڈی میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ بھکنور میں 71.3 ملی میٹر اور دومکونڈہ میں 56 ملی میٹر بارش ہوئی۔ عوام اور کسانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی اچھی بارشیں جاری رہیں گی اور زرعی سرگرمیوں کے لیے سازگار حالات پیدا ہوں گے۔
