بارش سے بھیگی دھان کو فوری رائس ملس کو منتقل کیا جائے : کلکٹر

TOP_5-2

ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے ہدایت دی ہے کہ حالیہ بے موسم بارشوں کے باعث متاثر ہونے والے کسانوں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچنے دیا جائے اور بارش سے بھیگی ہوئی دھان کو فوری طور پر رائس ملوں تک منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خریدی کا عمل جو 5 جون تک مکمل ہونا تھا، غیر متوقع بارشوں کے پیش نظر 10 جون تک مکمل کرلیا جائے۔جمعرات کو کاماریڈی ڈویژن میں ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں تقریباً 800 میٹرک ٹن دھان بھیگ گئی۔ اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے ایڈیشنل کلکٹر وکٹر کے ہمراہ جمعہ کے روز رامیشور پلی میں پرچیز سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بارش سے متاثرہ دھان کا معائنہ کیا اور کسانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کیے۔ کلکٹر نے کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور بھیگی ہوئی دھان کو فوری طور پر منتقل کرکے نقصان سے بچایا جائے گا۔انہوں نے ضلع منیجر سری کانت، ضلع شہری رسدات کے عہدیدار وینکٹیشورلو، ڈی سی او رام موہن راؤ اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ دھان کی منتقلی میں تاخیر نہ ہو، اس کے لیے مناسب تعداد میں گاڑیوں کا انتظام کرتے ہوئے بھیگی ہوئی دھان کو ہنگامی بنیادوں پر رائس ملوں تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے عہدیداران، رائس مل مالکان، خریدی مراکز کا عملہ اور کسان موجود تھے۔