ہریش راؤ کا اچانک برقی سب اسٹیشن کا معائنہ

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راو نے ضلع یادادری بھونگیر کے اسمبلی حلقہ آلیر میں واقع بوملا راما رام منڈل کے گاؤں سولی پیٹ کا دورہ کیا ۔ اپنے اس دورے کے دوران ہریش راؤ نے سولی پیٹ کے برقی سب اسٹیشن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے برقی خدمات کا جائزہ لیا ۔ معائنے کے دوران سابق وزیر ہریش راؤ سب اسٹیشن کے عملے سے ملاقات کی اور علاقے میں برقی کی فراہمی ، لوڈ ، ٹرانسفارمرس کی صورتحال اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کسانوں اور عام شہریوں کو درپیش برقی مسائل اور برقی کی فراہمی کے اوقات کار کے بارے میں دریافت کیا ۔ ہریش راؤ کے اس دورے میں ان کے ہمراہ سابق رکن اسمبلی جی سنیتا کے علاوہ بی آر ایس کے مقامی قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر موجود مقامی بی آر ایس قائدین اور کارکنوں سے بھی بات چیت کی اور علاقے میں عوام کو درپیش برقی کی قلت یا تکنیکی نقائص کو فوری حل کرانے اور عوامی مسائل پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔
