تلنگانہ میں 15 اگست سے نئے اسمارٹ راشن کارڈس کی اجرائی

revent-reddy

تلنگانہ حکومت کی جانب سے 15 اگست کو یوم آزادی پر 1.05 کروڑ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ لیمینیٹ کئے گئے عوامی نظام تقسیم کے کارڈس کی اجرائی کا چیف منسٹر ریونت ریڈی رسمی طور پر سنگا ریڈی میں آغاز کریں گے ۔ اسی دن تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں راشن کارڈس کی تقسیم ہوگی۔ حکومت نے عوامی کی سہولت کیلئے راشن کارڈ کو ڈبٹ کارڈ سائز میں تیار کیا ہے جسے کارڈ ہولڈر اپنی جیب یا ویالیٹ میں بآسانی رکھ سکتے ہیں۔ موجودہ راشن کارڈ پر ارکان خاندان کے نام اور کسی ایک استفادہ کنندگان کی تصویر شامل ہے۔ نئے راشن کارڈ پر ایک نمبر اور بار کوڈ رہے گا جس کے ذریعہ استفادہ کنندگان کی تفصیلات آن لائین حاصل کی جاسکتی ہے ۔ وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے سیول سپلائیز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر استفادہ کنندگان کے ناموں کو قطعیت دیں اور کارڈس کی تقسیم کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی یہ ایک اہم فلاحی اسکیم ہے جس کے تحت عوامی نظام تقسیم کے ذریعہ اہل خاندانوں کو اناج سربراہ کیا جارہا ہے۔ حکومت سے اگست ، ستمبر اور اکتوبر کا اناج 31 اگست تک جاری کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں ریونیو ڈیویژنل آفیسر کارڈس کی تقسیم کی نگرانی کریں گے اور ضلع نظم و نسق اور سیول سپلائیز محکمہ کی جانب سے تعاون کیا جائے گا۔ 15 اگست کو صبح کے اوقات میں پرچم کشائی تقریب ہوگی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی شام 5.30 بجے راج بھون میں گورنر کے ایٹ ہوم میں شریک ہوں گے ، لہذا تمام اسمبلی حلقہ جات میں دوپہر 2 تا سہ پہر 4 بجے کارڈس کی تقسیم کی جائے گی۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو احکام جاری کرکے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور کونسل کو کارڈس کی تقریب میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ کوئی بھی مستحق راشن کارڈ ہولڈر نئے کارڈس سے محروم نہیں رہے گا۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ کارڈ ہولڈرس کے ای کے وائی سی کی تکمیل کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔