ووٹر لسٹ کا سب سے بڑا خطرہ ،تلنگانہ میں 70 لاکھ سے زائد ووٹ منسوخ ہونے کا خدشہ

ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR 2026) کے آخری مرحلے میں ایک سنسنی خیز اور تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اینومریشن فارمس کے دستاویزات کی آن لائن ڈیجٹلائزیشن کی آخری تاریخ 10 اگست میں صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں لیکن ریاست میں اب تک 80 فیصد کا ہدف بھی حاصل نہیں کیا جاسکا۔ اس سست روی کی وجہ سے ریاست بھر میں 70 لاکھ سے زائد ووٹوں کے مکمل طور پر فہرست سے خارج ہونے کے اندیشے پیدا ہوچکے ہیں۔ سرکاری ڈاٹا کے مطابق ریاست کے جملہ 3 کروڑ 38 لاکھ ووٹرس میں سے 2 کروڑ 63 لاکھ ووٹرس کا ڈاٹا ہی آن لائن اپ لوڈ کیا جاسکا ہے جو 77.88 فیصد بنتا ہے۔ آن لائن عمل کی آخری تاریخ 10 اگست ہے لیکن 8 اگست (دوسرا ہفتہ)، 9 اگست (اتوار) اور 10 اگست (بونال تہوار) کے مسلسل تین دن تعطیلات ہیں۔ جمعہ کی شام تک بی ایل اوز کے پاس فارمس جمع کروانے کا سب سے اہم دن تھا۔ اگر شہریوں کے اینومریشن فارمس بی ایل او تک نہیں پہونچتے ہیں تو ان کا ووٹ منسوخ شدہ شمار کیا جائے گا۔ ریاست کے دیگر اضلاع کے مقابلے گریٹر حیدرآباد کے علاقوں میں ڈیجٹلائزیشن کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے جس کے باعث یہاں بڑے پیمانے پر ناموں کو ووٹر لسٹ سے حذف کیا جائے گا۔ ضلع حیدرآباد کے جملہ 47,36,669 لاکھ ووٹرس میں صرف 27,42,506 لاکھ (57.90 فیصد) ڈاٹا آن لائن ہوا ہے۔ ضلع میڑچل ملکاجگری میں جملہ 36,99,743 لاکھ ووٹرس میں سے صرف 23,88,886 (64.57 فیصد) کا کام مکمل ہوا ہے۔ ضلع رنگاریڈی میں جملہ 29,80,183 لاکھ ووٹرس میں سے 18,79,666 لاکھ ووٹرس (63.09 فیصد) کا آن لائن عمل مکمل ہوا۔ ضلع سنگاریڈی کے جملہ 14,57,436 لاکھ ووٹوں میں سے 10,17,671 لاکھ (69.82 فیصد) ڈاٹا اپ لوڈ ہوا جبکہ ضلع وقارآباد میں 79.01 فیصد کام مکمل ہوا۔ اس کے برعکس دیہی اضلاع میں کام بہترین رہا ہے جہاں ضلع یادادری بھونگیر میں (94.30 فیصد) کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ جبکہ ضلع جنگاؤں (91.66 فیصد) اور ضلع محبوب آباد (90.08 فیصد) کے ساتھ دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آن لائن ڈاٹا اندراج کے دوران 80 لاکھ ایسے ووٹرس ہیں جن کے ریکارڈ میں 11 مختلف اقسام کی غلطیاں پائی گئی ہیں۔ عہدیداروں کا اندازہ ہے کہ ان میں سے 20 فیصد ووٹرس کے ڈاٹا میں شدید تضاد ہے۔ جن ووٹرس نے اینومریشن فارمس جمع کرائے ہیں یا جن کا ریکارڈ صحیح نہیں ہوا، ERO ان تمام کو نوٹس جاری کرے گا۔ اگر نوٹس ملنے پر ووٹرس مقررہ وقت کے اندر اپنے شناختی اسنادات کے ساتھ الیکشن آفیسرس (ERO) کے سامنے پیش نہیں کرتے ہیں تو ان کے ووٹ بھی منسوخ کردیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ SIR سروے کے تحت متوفی، لاپتہ (عدم دستیاب پتہ) منتقل شدہ اور ڈپلیکیٹ پائے جانے والے لاکھوں ووٹرس کے نام حتمی فہرست سے مستقل طور پر خارج کرنے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔
