پارلیمنٹ میں تعطل کیلئے حکومت ذمہ دار ، جوابدہی سے فرار کی کوشش

ak1

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ایودھیا میں رام مندر چوری معاملہ پر پارلیمنٹ میں جواب دینے سے گریز کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر چوری کو مرکزی حکومت ریاست اترپردیش کا معاملہ قرار دے رہی ہے جبکہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل رام مندر مسئلہ پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ۔ پرینکا گاندھی سے میڈیا کے نمائندوں نے جب پارلیمنٹ میں جاری تعطل کی صورتحال کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کیلئے حکومت ذمہ دار ہے اور حکومت عوام کے مسائل پر ذمہ داری محسوس کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ پارلیمنٹ میں حکومت کو عوام کو درپیش اُمور پر جواب دینا چاہیئے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ نہ صرف دہلی بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی نوجوان بڑی تعداد میں اپنے مسائل اور مطالبات پر مظاہرہ کررہے ہیں ۔ نوجوانوں کے خلاف پولیس کارروائی میں بری طرح مارپیٹ کی گئی ، آنسو گیس کا استعمال کیا گیا اور پیلٹ گن استعمال کی گئی ۔ بہار میں احتجاجی طلبہ پر AK47 سے فائرنگ کی گئی ۔ حکومت ان مسائل پر جواب دینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ پرینکا گاندھی نے جاننا چاہا کہ طلبہ کے خلاف کارروائیوں کی اجازت کس نے دی تھی ۔ رام مندر میں چندہ چوری کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ملک بھر سے مندر کو عطیات موصول ہوئے تھے جنہیں لوٹ لیا گیا ۔عوام نے اپنے عقیدے کے مطابق عطیہ دیا ۔ غریب عوام نے بھی مندر کیلئے اپنی استطاعت کے مطابق عطیہ دیا ۔ عوام کا نہ صرف ہندوستان بلکہ ملیشیاء ، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں لارڈ رام پر اعتقاد ہے لیکن بی جے پی اسے ریاست کا مسئلہ قرار دے رہی ہے ۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتخابات سے قبل بی جے پی نے رام مندر کے مسئلہ پر ہی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اور آج جب جواب دینے کا وقت آیا تو اُسے ریاستی مسئلہ کہا جارہا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے رام مندر کا افتتاح کیا ، وہ کسی ریاست کے نہیں بلکہ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں ۔ افتتاحی تقریب میں ملک بھر سے عوام نے شرکت کی تھی پھر بھی بی جے پی پارلیمنٹ میں جوابدہی سے بچنے کیلئے ریاستی مسئلہ قرار دے رہی ہے ۔ حکومت کو چندہ چوری کے بارے میں جواب دینا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تعطل کیلئے حکومت ذمہ دار ہے اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سوال کرنا چاہیئے کہ طلبہ کے خلاف کارروائی کی اجازت کس نے دی تھی ۔ پارلیمنٹ میں انڈیا الائنس پولیس کارروائی اور رام مندر چندہ چوری جیسے معاملات پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری میں ہے ۔