ملک کی 148 کروڑ آبادی میں GenZ اور GenY کو غلبہ

TOP_8-7

ملک میں GenZ کی تحریک نے طلبہ اور نوجوانوں کی ملک میں اہمیت کو اُجاگر کردیا ہے۔ ہندوستان کی مجموعی آبادی میں 14 تا 29 سال عمر کے افراد کی تعداد 25 تا 26 فیصد درج کی گئی ہے جو مجموعی آبادی میں سب سے زیادہ ہے۔ 1997ء سے 2012ء تک پیدائش والے نوجوانوں کو GenZ کہا جاتا ہے جن کی عمر 14 تا 29 سال ہوتی ہے۔ ایسے وقت جبکہ نیٹ امتحانی پرچہ کے افشاء معاملہ میں کاکروچ جنتا پارٹی نے جنتر منتر پر احتجاج کے ذریعہ مرکزی حکومت کو وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے لئے مجبور کردیا تھا۔ جھارکھنڈ اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی طلبہ اور نوجوانوں کی مختلف مسائل پر تحریک جاری ہے۔ عام طور پر سیاسی پارٹیاں نوجوانوں کو اپنے ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی رہی ہیں لیکن جنتر منتر احتجاج کے بعد سے نوجوانوں نے اپنی علیحدہ شناخت بنائی ہے۔ جاریہ سال ملک کی مجموعی آبادی میں مختلف عمر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آبادی کا جائزہ لیا گیا۔ ملک کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے والے GenZ کو آبادی میں سبقت حاصل ہوئی ہے۔ 1.48 بلین (148 کروڑ) مجموعی آبادی میں 14 تا 29 سال عمر کے نوجوانوں کی تعداد 387 سے 406 ملین درج کی گئی ہے۔ سروے کے مطابق جنریشن الفا جن کی عمر 2 تا 13 سال ہوتی ہے اور جن کی پیدائش 2013ء تا 2024ء شمار کی جاتی ہے، اُن کی آبادی ہندوستان میں 21 تا 24 فیصد درج کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جنتر منتر احتجاج کے بعد GenZ کے ساتھ Gen Alpha بھی میدان میں آچکے ہیں۔ 30 تا 45 سال عمر کے افراد کو ملینیلس یا GenY بھی کہا جاتا ہے جن کی ملک میں آبادی 22 تا 23 فیصد درج کی گئی۔ یہ وہ افراد ہیں جو 1981ء سے 1996ء کے درمیان پیدا ہوئے ہیں۔ جنریشن ایکس کی ملک میں نمائندگی 16 تا 19 فیصد درج کی گئی جو 46 تا 61 سال کے ہیں جن کی پیدائش 1965ء تا 1980ء کے درمیان ہوئی ہے۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو Baby Boomers کہا جاتا ہے جن کی ملک میں آبادی 7 تا 10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ 62 تا 80 سال عمر کے Baby Boomers کی آبادی تقریباً 182 ملین ریکارڈ کی گئی۔ 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو Seniors کہا جاتا ہے جن کی عمر پیدائش 1945ء سے قبل ہوئی ہے۔ اِن کی آبادی ملک میں تقریباً ایک فیصد ہے۔ سروے کے مطابق ملک کی آبادی میں 50 فیصد سے زائد GenZ اور ملینیلس ہے۔ اِس اعتبار سے ملک کی مستقبل کے فیصلوں میں نوجوان نسل کے رول میں اضافہ کا امکان ہے۔