اندراماں ہاؤزنگ کیلئے سیمنٹ فی بیاگ 230 روپئے پر اتفاق

18pazr1

وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے سمنٹ کمپنیوں کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کے لئے رعایتی شرح پر سمنٹ کی سربراہی کی خواہش کی۔ سمنٹ کمپنیوں نے اندراماں ہاؤزنگ کے لئے 230 روپئے میں سمنٹ کی سربراہی کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو مکانات کی فراہمی میں سنجیدہ ہیں۔ سرینواس ریڈی نے سکریٹریٹ میں سمنٹ انڈسٹریز کے نمائندوں اور کمپنیوں کے مالکین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم صرف مکانات کی تعمیر تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ اسکیم غریب خاندانوں کی عزت اور وقار میں اضافہ کا اہم ذریعہ ہے۔ غریبوں کو اسکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں 4.50 لاکھ مکانات منظور کئے گئے۔ اُن میں سے 85 فیصد مکانات کے سلاب مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 15 فیصد مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ کے تحت 2 ہزار مکانات منظور کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد اور اطراف کے کیور اربن ریجن میں بھی 16 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ٹاورس منظور کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے سبسیڈی استفادہ کنندگان کو فراہم کی جارہی ہے۔ یہ رقم 3 مختلف مراحل میں جاری کی جارہی ہے اور ہر غریب خاندان مکان کا مالک بن جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے حکومت کی اِس اسکیم میں سمنٹ انڈسٹری سے تعاون کی خواہش کی۔ سمنٹ کمپنیوں کے مالکین نے حکومت کی خواہش پر 230 روپئے میں سمنٹ بیاگ کی سربراہی سے اتفاق کیا۔ وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی اور سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم نے سمنٹ کمپنیوں کے مالکین سے اظہار تشکر کیا۔ کمپنیوں نے غریبوں کی تعمیری اسکیمات میں تعاون سے اتفاق کیا۔