چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ کا جمعرات کو آغاز

revent-reddy

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ کا 20 اگست کو آغاز ہوگا اور وہ 30 اگست تک برطانیہ اور امریکہ کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی طے شدہ شیڈول کے مطابق کل 19 اگست کو نئی دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کے علاوہ ورکنگ کمیٹی کے ارکان مہیش کمار گوڑ، اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا اور ومشی چند ریڈی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نئی دہلی سے چیف منسٹر چہارشنبہ کی رات دیر گئے ایئر انڈیا کی فلائٹ سے لندن کے لئے پرواز کریں گے۔ 20 اگست کی صبح وہ لندن پہونچیں گے اور اُس دن ارکان خاندان کے ہمراہ مجلس کے رکن اسمبلی اکبر اویسی کی دختر کی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 21 اگست کو چیف منسٹر آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسکول آف گورننس کا دورہ کریں گے اور تلنگانہ میں یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام پر بات چیت کریں گے۔ چیف منسٹر ای پی ایل فٹبال پریزنٹیشن کا ایمریٹس اسٹیڈیم میں مشاہدہ کریں گے۔ تلنگانہ میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے برطانوی ادارہ سے تعاون حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔ 22 اگست کو چیف منسٹر کیمبرج یونیورسٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور دوپہر میں یونیورسٹی آف لندن کیمپس میں سنیٹ ہاؤز کا دورہ کریں گے۔ سہ پہر 4 بجے ریونت ریڈی لندن بزنس اسکول کا دورہ کرتے ہوئے حکام سے بات چیت کریں گے۔ ریونت ریڈی 23 اگست کو لندن سے بوسٹن امریکہ روانہ ہوں گے۔ 24 اگست کو وہ ہارورڈ یونیورسٹی کیمپس کا صبح 10.30 بجے دورہ کریں گے۔ سہ پہر 4 بجے ایم آئی ٹی کیمپس کا دورہ کریں گے۔