تلنگانہ میں تقریباً 1.72 کروڑ ووٹ بالکل محفوظ، نوٹس نہیں ملے گی

voter-list

ریاست میں جاری ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظرثانی SIR-2026 عمل کے دوران مسودہ ووٹر لسٹ کی اجرائی کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ 1,71,99,636 کروڑ ووٹرس کو بغیر کسی اعتراض یا خامی کے مکمل طور پر درست تسلیم کرلیا گیا ہے ، لہذا انہیں کسی قسم کی نوٹس جاری نہیں کی جائے گی جبکہ 73,39,235 لاکھ ووٹس کو لسٹ سے حذف کیا جاچکا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے بتایا کہ ڈرافٹ لسٹ کی اجرائی کے بعد 92 لاکھ 87 ہزار 577 ووٹرس کو نوٹس جاری کی جارہی ہے ۔ نوٹس حاصل کرنے والے ووٹرس کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بے ضابطگیوں کی فہرست میں (Anomalies) سے متعلق 60,50,918 ایسے ووٹرس ہیں جن کی شناخت اور میاپنگ کی تفصیلات میں تکنیکی تضاد پایا گیا ہے۔ غیر میاپنگ(Un-Mapped) زمرے میں 32,36,659 لاکھ ووٹرس ہیں جن کے اینومریشن فارمس میں SIR-2002 کی تفصیلات یا خونی رشتہ داروں کا ریکارڈ درج نہیں تھا ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے واضح کیا کہ آن لائین جاری کردہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ان 92.87 لاکھ ووٹرس کے نام بھی شامل ہیں جنہیں نوٹس ملنے والی ہے لیکن وہاں الگ سے یہ درج نہیں ہے کہ کس شخص کو نوٹس جاری کیا جارہا ہے ۔ اس سے شہریوں میں یہ غلط فہمی پیدا ہوگئی ہے کہ لسٹ میں نام ہونے کا مطلب ہے کہ ان کا ووٹ محفوظ ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جب بی ایل او ز ووٹرس کے گھر آئیں گے تب ہی معلوم ہوگا کہ کسے نوٹس ملا ہے ۔ نوٹس موصول کرنے والے ووٹرس کو الیکشن کمیشن کی جانب سے بتائے گئے 11 منظورہ شنا ختی کارڈس میں سے درست ثبوت فراہم کرنے ہوں گے ۔ نااہل یا منسوخ شدہ ووٹرس کو (Form-6) کے ذریعہ دوبارہ نئے ووٹر کے طور پر درخواست دینے کی سہولت ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے جملہ 3,38,26,448 کروڑ ووٹرس میں 2,64,87,213 کروڑ اینومریشن فارمس کا ڈیجیٹلائیزیشن کیا گیا ہے۔