تلنگانہ میں ووٹرس کو نوٹس کی اجرائی میں تیزی ، نوٹس ملنے پر پریشان نہ ہوں

TOP_5-13

تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظر ثانی (SIR) عمل کے تحت مرحلہ وار طریقے سے متضاد ڈیٹا (Discrpancies) اور غیر میاپنگ (Unmapped) زمروں میں شامل ووٹرس کو نوٹس جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ریاست بھر میں 92.87 لاکھ ووٹرس کو نوٹسیں جاری کئے جارہے ہیں ۔ جن میں 60.51 لاکھ متضاد معاملات والے اور 32.36 لاکھ غیر میاپنگ شدہ ووٹرس شامل ہیں ۔ اگرچہ مسودہ ووٹر لسٹ 17 اگست کو ہی جاری کی گئی تھی اور نوٹس دوسرے دن سے جاری کئے جانے تھے تاہم انتظامی وجوہات کی بناء پر اسے ملتوی کیا گیا تھا ۔ اب پیر آج سے بی ایل اوز گھر گھر جاکر یہ نوٹس فراہم کررہے ہیں ۔ بی ایل اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ووٹر کو نوٹس دیتے وقت ان کی تصویر کھینچ کر خصوصی ایپ میں اپ لوڈ کریں ۔ سلپ پر نوٹس جاری کرنے کی تاریخ ، پیشی کا وقت ، وجہ ، ERO/AERO کا پتہ اور متعین کردہ ٹائم سلاٹ درج ہے ۔ ہر پولنگ بوتھ پر روزانہ تقریبا 200 لوگوں کو حاضری کے حساب سے 3 مختلف سلاٹس بنائے گئے ہیں تاکہ عوام کے ایک ساتھ پہونچ جانے سے ہجوم جمع نہ ہو جائے ۔ اگر کوئی ووٹر دی گئی تاریخ پر پیش نہیں ہوسکتا تو وہ بعد میں جاکر معقول وجہ بتاکر نئی تاریخ حاصل کرسکتا ہے ۔ اہم شخصیات ، این آر آئیز اور مشہور شخصیات کو ERO کے سامنے خود پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ وہ اپنے نمائندوں یا متبادل آن لائن ذرائع سے دستاویزات جمع کراسکتے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے دائرے میں ووٹرس کی بڑی تعداد کے پیش نظر اضافی اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (AEROs) کو تعینات کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے ووٹرس کو واضح طور پر یقین دہانی کرائی کہ صرف نوٹس موصول ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ان کا ووٹ کاٹ دیا جائے گا ۔ EROs کو اندرونی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صوابدید کا استعمال کرتے ہوئے دستیاب سرٹیفیکٹس اور بنیادی دستاویزات کی مدد سے نام یا پتے کی معمولی غلطیوں کو خود درست کریں تاکہ شہریوں کو پریشانی نہ ہو ۔ جانچ صرف شدید نوعیت کے تضادات کی صورت میں ہی الیکشن کمیشن کے بتائے گئے 12 سرکاری دستاویزات میں سے ثبوت کا معائنہ کیا جائے گا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ضروری دستاویزات لانے والے تمام اہل ووٹرس کے نام لسٹ میں محفوظ رہیں گے ۔ اگر ووٹرس کو یہ جاننا ہے کہ آیا ان کے نام پر نوٹس جاری ہوا ہے یا نہیں تو آپ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ voters.eci.gov.in پر جائیں اور Notice Issued کے آپشن کا انتخاب کریں ۔ موبائل یا EPIC نمبر درج کریں اپنا فون نمبر یا ووٹر آئی ڈی نمبر درج کرنے پر آپ کو ایک OTP موصول ہوگا ۔ OTP کی تصدیق ہوتے ہی اگر آپ کے نام پر نوٹس تیار ہوچکا ہو تو آپ کا نام EPIC نمبر ، حلقہ اسمبلی ، پیشی یا جواب کی تاریخ اور پولنگ بوتھ کی تفصیلات اسکرین پر ظاہر ہوجائے گی ۔ نوٹس ظاہر ہونے کی صورت میں 12 منظورہ دستاویزات میں سے کوئی بھی ایک ثبوت ویب سائیٹ پر ہی اپ لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔ چونکہ نوٹس مرحلہ وار جاری ہورہے ہیں اس لیے اگر ابھی نوٹس تیار نہیں ہوا ہوگا تو اسکرین پر کچھ دن بعد دوبارہ چیک کرنے کا پیغام ظاہر ہوگا ۔