سنگاپور کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کی سریدھر بابو سے ملاقات

وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے سنگا پور کی کمپنی کو بھارت فیوچر سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بھارت فیوچر سٹی کو ایک نئے شہری اور معاشی ترقی کے مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ڈی سریدھر بابو سے سکریٹریٹ میں سنگا پور کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت سنگا پور کی وزارت توانائی اور صنعت کے سکریٹری اگیسٹائن لی کر رہے تھے۔ سنگاپور کے وفد نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور ان شعبہ جات کی نشاندہی کی جن میں سنگا پور کے ادارہ سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ سنگا پور کے ٹکنالوجی اور انڈسٹریل ماہرین تلنگانہ میں سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم کی ترقی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سنگا پور کے اداروں کو سیمی کنڈکٹر فیبریکیشن اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور آئی ٹی سی مربوط خدمات کے علاوہ نئی ٹکنالوجیز ، الیکٹرانکس ، اڈوانسڈ مینوفکچرنگ ، لائیف سائنسیس ، بائیو ٹکنالوجی ، ایرو اسپیس ، گرین ٹکنالوجی ، قابل تجدید توانائی ، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقف کرایا۔ انہوں نے سنگا پور کے وفد کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے سنگا پور حکومت اور کمپنیوں کو ڈسمبر میں تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر ششانگ ، سنگا پور کی وزارت صنعت کے سینئر ڈائرکٹر ڈاکٹر فرانسیس چونگ، ڈائرکٹر انڈین ڈائرکٹوریٹ جین ای اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
