اینومریشن فارمس جمع نہ کرنے والوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف نہیں ہوں گے

Pp16

تلنگانہ میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے تحت جن ووٹرس نے اب تک اینومریشن فارمس بلاک لیول آفیسرس کے پاس جمع نہیں کرائے ہیں انہیں گھبرانے یا فکرمند ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے دفتر نے واضح کردیا ہے کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے بلاوجہ حذف نہیں کیا جائے گا۔ جن ووٹرس کے اینومریشن فارمس جمع نہیں ہوسکے وہ اب فارم۔ 6 کے ذریعہ نئے سرے سے اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروانے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں 10 فیصد سے زیادہ ووٹرس ایسے ہیں جو اپنے SIR فارمس بی ایل اوز کو واپس جمع نہیں کرواسکے۔ ایسے تمام ووٹرس کے لئے الیکشن کمیشن کا پورٹل، (voters.eci.gov.in) یا آن لائن فارم۔ 6 پُر کرنا سب سے آسان اور بہترین طریقہ کار ہے۔ تاہم اس خصوصی کارروائی کے تحت درخواست دینے والوں کو فارم ۔ 6 کے ساتھ ایک ڈیکلریشن فارم بھی شامل کرنا ہوگا جس میں فارم جمع نہ کرانے کی حقیقی وجوہات بتانا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی شہریوں (NRIs) کے لئے فارم ۔ 6A کے ذریعہ آن لائن درخواست کی سہولت دستیاب رکھی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ واضح رہنمایانہ خطوط اور 9 ستمبر 2025 سرکلر (ERS/-23/2025 VOI II) کے مطابق ایس آئی آر مشق کے دوران جن شہریوں کا اینومریش فارم جمع نہیں ہوسکا تھا۔ انہیں اپنی شناخت اور رہائش کے ثبوت کے طور پر الیکشن کمیشن کی 12 بنیادی دستاویزات میں سے کوئی ایک دستاویز فارم ۔ 6 کے ساتھ جمع کرانا ہوگا۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں یا (PSU) کا جاری کردہ سرویس آئی ڈی کارڈ یا پنشن پیمنٹ آرڈر (PRO) ۔ مرکزی حکومت، مقامی حکام، بینک، پوسٹ آفس، ایل آئی سی یا PSU کے ذریعہ جاری کردہ کوئی بھی سند یا شناختی کارڈ، مجاز اتھاریٹی کا جاری کردہ پیدائش کا سرٹیفکیٹ، ہندوستانی پاسپورٹ، تسلیم شدہ بورڈس یا یونیورسٹیز کا میٹرک ؍ تعلیمی سرٹیفکیٹ، مجاز ریاستی اتھاریٹی کا جاری کردہ مستقل سکونت سند، جنگل کے حقوق کا سرٹیفکیٹ، مجاز اتھاریٹی کا جاری کردہ SC,ST,OBC ذات کا سرٹیفکیٹ، نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (جہاں نافذ ہو) یا خاندانی رجسٹر، ریاستی حکومت یا سرکاری حکام کی طرف سے تیار کردہ تمام اراضی و مکانات کے سرٹیفکیٹس، آدھار کارڈ کی کاپی، الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خصوصی احکامات کے مطابق مقرر کردہ دیگر تصدیق شدہ دستاویزات۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے وضاحت کی ہے کہ ایس آئی آر مشق کے بعد حتمی فہرست کی اشاعت پر جب نارمل دنوں میں فارم۔ 6 کے ذریعہ درخواست دی جائے گی تو ووٹر کو صرف 3 چیزوں (پاسپورٹ سائز تصویر، آدھار کاپی اور برقی بل) کی ضرورت ہوگی۔ تاہم SIR خصوصی نظرثانی کے تحت درخواست دہندگان کے لئے ڈیکلریشن اور 12 میں سے کسی ایک دستاویز کی شرط لاگو رہے گی تاکہ کوئی بھی فرضی یا غیر قانونی اندراج ووٹر لسٹ میں شامل نہ ہوسکے۔