2034 تک ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا نشانہ‘ ریونت ریڈی

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت ایک کروڑ خواتین کو معاشی خود کفیل بناکر انہیں کروڑ پتی بنانے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 2034 تک خواتین کے خود امدادی گروپس کی ارکان کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچائی جائے گی اور ان تمام خواتین کو کروڑ پتی بنانے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ خواتین کی خود امدادی تنظیموں کے ساتھ روبرو ملاقات پروگرام سے خطاب میں چیف منسٹر نے دیوالی کے تہوار کے باوجود اپنی سالگرہ کی مبارکباد لیے بڑی تعداد میں آئیں خواتین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہی میرا خاندان اور میرے حقیقی عزیز ہیں۔ آپ کی دعاؤں اور آشیرواد ہی کی بدولت میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔ آپ نے مجھے میری توقعات سے کہیں زیادہ محبت اور خلوص دیا ہے۔ اب زندگی میں میری کوئی اور خواہش باقی نہیں رہی۔ میری تمام تر توجہ ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے پر مرکوز رہے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں اس وقت 70 لاکھ خواتین خود امدادی گروپس کی رکن ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ 2034 تک ان کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچائی جائے۔ خواتین کو معاشی مستحکم بنانے حکومت مختلف شعبوں میں انہیں روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گھر کے تمام افراد کی ضروریات کا خیال رکھنے والی خاتون ہی ہوتی ہے اور جب گھر کی ذمہ داری خواتین کے ہاتھوں میں ہوتی ہے تو خاندان ترقی کرتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے یونیفارم کی سلائی کا کام خواتین کے خود امدادی گروپس کے حوالے کیا گیا ہے، جس کے ذریعے خواتین ہر سال 15 تا 20 کروڑ روپے کا کاروبار کر رہی ہیں۔ خواتین کو پٹرول پمپس اور شمسی توانائی کی پیداوار کے شعبوں میں بھی شراکت دار بنایا گیا ہے۔ سکریٹریٹ سمیت تمام سرکاری دفاتر میں اندراماں کینٹینوں کے انتظام کی ذمہ داری بھی خواتین کو سونپی گئی ہے۔ گزشتہ 34 ماہ میں خواتین کے خود امدادی گروپس کو بینک لنکیج کے تحت 79 ہزار کروڑ روپے کے قرض فراہم کیے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے اس سلسلے میں وزیر سیتکا کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آج 4.5 لاکھ نئی پنشن منظور کی ہیں، جن میں 3.5 لاکھ پنشن تنہا خواتین و بیوہ خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ جلاہوں اور تاڑی تاسندہ مزدوروں کو بھی نئی پنشن منظور کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندراماں مکانات اور 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی خواتین کیلئے حکومت کی اہم سہولتیں ہیں ۔ روزانہ 37 لاکھ خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو باریک چاول فراہم کرنے کا فیصلہ بھی حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا حصہ ہے۔ خواتین کی خوشی ہی ان کی خوشی ہے اور وہ ان کی ترقی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خواتین کی طاقت ہی ان کی اصل طاقت ہے اور ان کی دعائیں ہی ان کا حوصلہ ہیں۔ اسی لیے انہوں نے اپنی سالگرہ خواتین کے درمیان منانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صرف خود روزگار تک محدود نہ رہیں بلکہ کامیاب تاجر اور صنعت کار بن کر ابھریں۔ اگر ان کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا خواب پورا ہو گیا تو وہ اپنی زندگی کو بامقصد تصور کریں گے۔ انہوں نے خواتین کو سالگرہ کے تحفے کے طور پر ساڑیاں بھی پیش کیں۔ کے ٹی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جو شخص اپنی سگی بہن کے ساتھ اچھا سلوک نہ کر سکا، وہ آج خواتین کی فلاح و بہبود کی باتیں کر رہا ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ سابقہ حکومت سے سوال کریں کہ دس سال اقتدار میں رہنے کے باوجود خواتین کیلئے کیا اقدامات کیے گئے اور انہیں کیا سہولتیں فراہم کی گئیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اوپر والے نے انہیں بھائی کی حیثیت سے خدمت کا موقع دیا ہے۔ خواتین اپنے پیروں پر کھڑی ہوں، معاشی طور پر مستحکم بنیں اور صنعت کاروں کی حیثیت سے شناخت قائم کریں۔ بچوں کو اچھی تعلیم دلوائیں، بالخصوص لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کریں، کیونکہ تعلیم ہی زندگی بدلنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے اپنی زندگی میں جن مشکلات کا سامنا کیا ہے، ان کے بچوں کو ان حالات سے دوچار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کا عہد کریں۔ حکومت ان کی ہر ممکن مدد اور سرپرستی کیلئے ہمیشہ تیار رہے گی۔
