سونیا گاندھی کی سوانح عمری کا تلگو ورژن آئندہ تین ماہ میں دستیاب ہوگا: مہیش کمار گوڑ

TOP_22

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی سوانح حیات پر لکھی گئی کتاب کو لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی نے بے حد سراہا ہے اور اسے بہت عمدہ قرار دیا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ عوام کی دلچسپی کے پیشِ نظر اس سوانح عمری کا تلگو ورژن بھی آئندہ تین ماہ کے اندر منظرِ عام پر لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سونیا گاندھی کی قیادت اور ملک کے تئیں ان کی بے لوث قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور تلگو ترجمہ سے ریاست کے عام شہری بھی ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے براہِ راست واقف ہو سکیں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ حیدرآباد میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی اور ہندوستانی مندوبین میں سونیا گاندھی کی سوانح حیات پر مبنی یہ کتابیں بڑے پیمانے پر تقسیم کی گئی ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ پارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ تلنگانہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے عوامی منتخب نمائندوں کو سونیا گاندھی کی زندگی اور خدمات پر مبنی یہ کتابیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ ان کی سیاسی بصیرت اور خدمات سے واقف ہو سکیں، جبکہ جلد ہی ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں اور لائبریریوں میں بھی اس کتاب کے نسخے پہنچائے جائیں گے۔