ریڈ کراس کو منشیات سے پاک تلنگانہ کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کا مشورہ: گورنر شیو پرتاپ شکلا

TOP_17-3

گورنر اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، تلنگانہ اسٹیٹ برانچ کے صدر شری شیو پرتاپ شکلا نے کہا ہے کہ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کو منشیات سے پاک تلنگانہ کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وکست بھارت 2047 کے وڑن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے نوجوانوں کی شرکت انتہائی اہم ہوگی۔ گورنر ہفتہ کے روز لوک بھون میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی 29 ضلعی شاخوں کے نو منتخب صدور اور اسٹیٹ منیجنگ کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے تنظیم کے لیے تین کلیدی ترجیحات بیان کیں، جن میں نوجوانوں کی شمولیت، انسدادِ منشیات بیداری اور آفات سے نمٹنے کی تیاری شامل ہیں۔ صرف ساڑھے تین ماہ میں 68 ہزار نئے ارکان کے اندراج کی ستائش کرتے ہوئے گورنر نے اسے ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ برانچ کے قیام سے اب تک اس کے ارکان کی مجموعی تعداد 60 ہزار تھی، جبکہ صرف ایک رکنیت مہم کے ذریعے مزید 68 ہزار ارکان شامل ہوئے۔ انہوں نے گورنر کے اسپیشل چیف سیکریٹری اور آئی آر سی ایس تلنگانہ اسٹیٹ برانچ کے چیئرمین شری دانا کشور اور ضلعی شاخوں کی کوششوں اور تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اس رفتار کو برقرار رکھیں اور مزید لوگوں کو تنظیم سے جوڑنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ گورنر نے جونیئر اور یوتھ ریڈ کراس کی رکنیت کو مستحکم کرنے کے لیے 14 نومبر سے 31 دسمبر تک ایک خصوصی مہم چلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے ضلعی شاخوں سے کہا کہ وہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز، این ایس ایس اور این سی سی کے طلبہ کا اندراج کریں اور اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں رابطہ مہم کی سرگرمیوں کو تیز کریں۔ نشہ مکت ابھیان کے تحت انہوں نے ریالیوں، حلف برداری اور مقابلوں کے ذریعے بیداری مہم چلانے کی اپیل کی تاکہ نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ایگل فورس اور دیگر رضاکار تنظیموں کے ساتھ تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ان کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے گورنر نے ضلعی سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کی اپیل کی اور 2,078 رجسٹرڈ آپدا مترا رضاکاروں کی خدمات سے مؤثر طور پر استفادہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تنظیم سے یہ بھی کہا کہ وہ ایل نینو سے متعلق حالات کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے لیے تیار رہے۔