ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے محروم شہری 21 نومبر تک فارم جمع کرائیں

جی ایچ ایم سی کمشنر و حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے ایسے تمام اہل رائے دہندگان کو ہدایت دی ہے جن کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں کہ وہ 21 نومبر تک اپنے فارم جمع کرائیں۔ 30 نومبر کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے پیش نظر انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر اہل شہری کا نام فہرست میں شامل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں ایم ایل سی انتخابات کے خصوصی نظرثانی پروگرام کے سلسلے میں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے تجویز دی کہ 17 اگست کو شائع ہونے والی ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے جن اہل ووٹرز کے نام رہ گئے ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور مقررہ آخری تاریخ کے اندر درخواستیں داخل کروانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے بوتھ لیول ایجنٹس کے ذریعہ اہل رائے دہندگان کی شناخت کر کے فارم جمع کرانے پر زور دیا۔ مزید برآں کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ محبوب نگر، رنگا ریڈی اور حیدرآباد گریجویٹ ایم ایل سی حلقہ سے متعلق پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور اپنی ضروری تجاویز پیش کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر بی سنتوش کمار اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔
