اولمپکس کے لیے کوچس کا تقرر اور کھلاڑیوں کو تربیت پر زور

9-copy

سابق وزیر ہریش راؤ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کی باتیں تو بین الاقوامی سطح کی ہیں، لیکن ان کے کام گلی کی سطح سے بھی آگے نہیں بڑھ رہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حیدرآباد میں اولمپکس منعقد کرانے کا پرچار کرنے والے وزیرِ اعلیٰ ریاست کے کھلاڑیوں کو درپیش مسائل پر توجہ کیوں نہیں دے رہے ؟ انہوں نے الزام لگایا کہ جس طرح کانگریس حکومت نے تمام طبقات کے عوام کو دھوکا دیا ہے ، اسی طرح کھلاڑیوں کے ساتھ بھی دغا کی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کھلاڑیوں کے مسائل سن کر دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے تنقید کی کہ وزیرِ اعلیٰ اپنے فٹ بال کے شوق کے لیے 100 کروڑ روپے کے سرکاری فنڈز خرچ کر رہے ہیں، لیکن کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے فنڈز خرچ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیت دکھانے کی قابلیت ہونے کے باوجود حکومتی حوصلہ افزائی نہ ملنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کا مستقبل غیر یقینی ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کھیلو انڈیا مقابلوں میں تلنگانہ کو اپنی طاقت دکھانی ہے تو سب سے پہلے کوچس کا تقرر کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دیہی کھلاڑیوں کی شناخت اور حوصلہ افزائی کے لیے پی ای ٹی اور پی ڈی کی آسامیوں کو پُر کرنے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔ اسی طرح انہوں نے الزام لگایا کہ میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کے معاملے میں حکومت نے بے روزگاروں کو دھوکہ دیا ہے ، اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میگا ڈی ایس سی منعقد کیا جائے۔