Raja-Singh

بھارتیہ جنتا پارٹی کے گوشہ محل کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو گزشتہ روز شرمناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب پولیس نے انہیں ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ انتخابی جلسہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ڈائس شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ میٹنگ کے لیے دیر سے آئے تھے اس لئے انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ڈائس شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جمعہ کی شام مودی نے ایل بی اسٹیڈیم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا جو گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے تحت آتا ہے اور جس کی اسمبلی میں راجہ سنگھ نمائندگی کرتے ہیں۔پیر کو تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ بی جے پی کے کئی اعلیٰ قائدین مودی کے ساتھ ڈائس پر موجود تھے۔ اگرچہ کہ راجہ سنگھ جلسہ میں شرکت کے لئے آئے تھے، لیکن پولیس نے انہیں ا سٹیج پر جانے کی اجازت نہیں دی۔ وہ عوام کے ساتھ بیٹھنے پر مجبور ہوگئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ راجہ سنگھ حیدرآباد لوک سبھا سیٹ کے انچارج بھی ہیں، اور اس بار بی جے پی کی امیدوار مادھوی لتا ہیں۔ بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ جن قائدین کو اسٹیج پر آنے کی اجازت دی گئی ان کی منظور شدہ فہرست میں راجہ سنگھ کا نام نہیں تھا۔