بنگلہ دیش کے سابق وزیر خارجہ حسن محمود حراست میں

HASAN-MAHMOOD

بنگلہ دیش کے سابق وزیر خارجہ اور عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سکریٹری حسن محمود کو ڈھاکہ ہوائی اڈے پر حراست میں لینے کے بعد فوج کے حوالے کر دیا گیا آبزرور ڈاٹ بی ڈی نے اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مسٹر حسن کو منگل کی دوپہر اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ملک چھوڑنے کے لیے ہوائی اڈے پر پہنچے اور بعد میں انہیں 20:30 بجے فوج کے حوالے کر دیا گیا۔ اس سے قبل پوسٹس، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سابق وزیر مملکت جنید احمد پلک کو ایئرپورٹ پرحراست میں لیاگیاتھا۔ ہوائی اڈے کے حکام اور عملے نے انہیں اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ ہوائی اڈے پر وی آئی پی لاؤنج کا استعمال کر کے ہندوستان جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دینے کے بجائے امیگریشن حراست میں لے جایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جاسوسی برانچ (ڈی بی) کے سابق سربراہ اور ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس (ڈی ایم پی) کے ایڈیشنل کمشنر (کرائم اینڈ آپریشنز) محمد ہارون الرشید کو بھی ڈھاکہ ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم ہارون نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں حراست میں نہیں لیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر پر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پیر کو وزیر اعظم شیخ حسینہ نے صدر کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد ملک چھوڑ دیا تھا اور ہندوستان میں پناہ لے لی ہے۔ ان کے ملک چھوڑنے سے پہلے، حکمران عوامی لیگ پارٹی کے کئی وزراء اور سرکردہ رہنما بھی ملک سے فرار ہو چکے تھے اور دیگر بھی اب ایسا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔