تالابوں اورجھیلوں پر غیرمجازقبضے۔ 6سرکاری عہدیداروں کے خلاف 2مقدمات

سائبرآبادپولیس نے شہرحیدرآباد کے مختلف علاقوں میں تالابوں اورجھیلوں پر غیرمجازقبضوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر 6سرکاری عہدیداروں کے خلاف 2مقدمات درج کئے ہیں۔یہ مقدمات حیدرآبادڈیزاسٹررسپانس اینڈ ایسٹس مانٹرنگ اینڈ پروٹکشن(حیدرا) کے کمشنرکی جانب سے ان عہدیداروں کے خلاف کی گئی شکایت کی بنیاد پر درج کئے گئے۔ ایک مقدمہ جس کی ایف آئی آر41/2024 ہے کے تحت پولیس نے چارافرادپی راماکرشناراومیونسپل کمشنرنظام پیٹ،پھول سنگھ ایم آراوباچوپلی منڈل، کے سرینواسلو اسسٹنٹ ڈائرکٹر(اے ڈی)سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس میڑچل ملکاجگری اورسدھیرکمار اسسٹنٹ پلاننگ آفیسر حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (حمڈا) کو ملزمین بنایا ہے۔ اپنی شکایت میں کمشنرحیدرانے الزام لگایا کہ ان عہدیداروں نے اپنے اعلی عہدیداروں اورعدالتوں کو گمراہ کرتے ہوئے نظام پیٹ کے پرگتی نگر کے ایراکنٹہ تالاب میں غیر مجاز تعمیرات کی مبینہ اجازت دی تھی۔ ایک اور مقدمہ میں پولیس نے ایم راج کماراسسٹنٹ سٹی پلانرسرکل 21چندانگرجی ایچ ایم سی اوراین سدھانش ڈپٹی کمشنر سرکل 21چندانگرکو ملزم بنایاہے کیونکہ وہ ارلہ کنٹہ تالاب کے علاقہ میں غیرمجاز تعمیرات کی اجازت دینے کیلئے ذمہ دارہیں۔سائبرآبادپولیس کے معاشی جرائم کے شعبہ کی جانب سے ان مقدمات کی جانچ کی جارہی ہے۔
