نرمل میں تلنگانہ یوم تعلیم کا شاندار پیمانے پر انعقاد _ پانچ اردو میڈیم کے اساتذہ بیسٹ ٹیچر کے ایوارڈس سے سرفراز

ضلع نرمل مستقر پر واقع دویا گارڈن میں ضلع اسکولی تعلیم کی جانب سے تلنگانہ یوم تعلیم پروگرام کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس پروگرام میں ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے اساتذہ، طلباء اور تمام شرکا کو یوم تعلیم کی مبارکباد دی۔
انھوں نے بتایاکہ ریاستی حکومت محکمہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ اسکولوں کی طرز پر ترقی دے رہی ہے، اس ضمن میں وزیراعلی کے۔ چندرا شیکھر راؤ نے منا ورو منا بڈی اور منا بستی منا بڈی اسکیم کا آغاز کیا،جس کے تحت اسکولوں کے لئے درکار نئے کمرہ جات اور بعض اسکولوں کی قدیم عمارتوں کی مرمت کروائی جا رہی ہے،اس کے ساتھ ہی بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہوئے ترقی دے رہی ہے اور ضلع بھر میں 264 اسکولوں کو پہلے مرحلے میں ترقی دی گئی ہے۔وزیر نے مزید کہاکہ حکومت سرکاری اسکولوں کے طلباء کو مفت میں درسی کتب ، یونیفارم اور مڈ ڈے میلس فراہم کررہی ہے۔
اس کے علاوہ 6 ویں تا 10 ویں جماعت کے طلباء میں نوٹ بکس بھی تقسیم کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیر نے دسویں جماعت کے نتائج میں نرمل کو ریاست بھر میں اول مقام حاصل ہونے پر ڈی ای او، اساتذہ، طلباء اور اولیائے طلباء کو مبارکباد دی۔