حاجی پور میں خاتون انسپکٹر رشوت لیتے گرفتار

بہار کے ویشالی میں محکمہ نگرانی نے کارروائی کی ہے۔ حاجی پور سے ایک خاتون انسپکٹر کو رشوت لیتے ہوئے نگرانی نے گرفتار کیا ہے۔ محکمہ نگرانی نے اسے 10,000 روپے نقد رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا ہے۔ گرفتار انسپکٹر کا نام پونم کماری ہے۔ خصوصی نگرانی کی یہ کارروائی ڈی ایس پی امیش رجک کی قیادت میں ہوئی۔ بتایا گیا کہ انسپکٹر حاجی پور انڈسٹریل تھانہ علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتی تھی۔ جہاں اچانک محکمہ نگرانی کے اہلکاروں نے چھاپہ ماری کر اسے گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے اپنے ساتھ لے گئے۔ نگرانی کی ٹیم پٹنہ سے آئی تھی اور انسپکٹر پونم کماری کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بتایا گیا کہ ایک مقدمہ کے سلسلے میں گرفتار خاتون انسپکٹر کی جانب سے 10,000 روپے کی رشوت طلب کی گئی تھی۔ متاثرہ فریق جس سے رشوت طلب کی گئی تھی، اس نے محکمہ نگرانی کو آگاہ کر دیا تھا۔ جس کے بعد محکمہ نگرانی کی جانب سے انسپکٹر کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا گیا۔ پونم کماری کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب متاثرہ فریق نے خصوصی کیمیکل والے نوٹ پونم کماری کو سونپے۔ اس کے بعد نگرانی ٹیم نے ملزم خاتون انسپکٹر کو پکڑا اور اپنے ساتھ لے گئی۔ معلومات کے مطابق جب پونم کماری کو گرفتار کیا گیا تو وہ اپنے کرائے کے مکان میں کھانا بنا رہی تھی۔ اسے باورچی خانہ سے گرفتار کیا گیا۔ واضح ہو کہ پونم کماری گزشتہ کچھ دنوں سے حاجی پور نگر تھانہ میں تعینات تھیں۔ معاملے کے بارے میں متاثرہ مخبر پنکج کمار دویدی نے بتایا کہ میری گاڑی مہوا سے ریزرو کرکے ترکی گئی تھی۔ ترکی سے ایک لاش کو لیکر کہرا گھاٹ پہنچی تھی۔ جہاں پر پنکج ہوٹل کے قریب گاڑی کھڑی کر کے آخری رسومات میں گئے تھے۔ وہاں سے لوٹنے کے بعد چھت پر تقریباً 6 سے 8 لوگ تھے۔ جو ہنسی مزاق کر رہے تھے۔ اس درمیان پانی پھینکنے سے کرنٹ آگیا، جس میں 6 لوگ زخمی ہوگئے اور ایک کی موت ہوگئی ۔
