لارنس بشنوئی کا بھائی انمول بشنوئی امریکہ میں گرفتار

گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کو امریکہ کے کیلی فورنیا سے حراست میں لئے جانے کی بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ممبئی پولیس یا دہلی پولیس اس معاملے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہہ رہی ہے لیکن خفیہ ایجنسی کے ذرائع کے مطابق دو ہفتے پہلے انمول بشنوئی کے خلاف غیر ضمانتی دفعات کے تحت وارنٹ جاری کیا گیا تھا اور پھر اس کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول کو امریکہ سے ہندوستان لانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔لارنس بشنوئی کے بھائی انمول اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے معاملے میں ممبئی پولیس کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔اس کے علاوہ اس کا نام پنجابی گلوکار سدھو موسی والا اور بابا صدیقی کے قتل کیس میں بھی سامنے آیا ہے۔انمول بشنوئی کے خلاف لک اوٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا ۔بابا صدیقی کے قتل کا تعلق انمول بشنوئی سے بھی بتایا گیاہے جس نے مبینہ طورپر اس حملے میں تعاون کیا تھا ۔
