وزیر داخلہ کے ہاتھوں کے این واصف کے کتاب کی رسم اجراء

محمد محمود علی وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ نے تاریخ کو مسخ کرنے اور ہندوستان میں مسلمانوں کے کردار کو گھٹانے کی کوششوں پر شدید تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ تاثر پیدا کیا جا رہا ہے مغلوں نے ہندوستان لوٹا مگر حقیقت یہ ہے کہ انگریزوں نے ملک کو لوٹا جبکہ مغلوں نے تاریخ رقم کی اور ملک کو مالا مال کیا۔ وزیر داخلہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے محبت کی علامت تاج محل تعمیر کروانے والوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وہ جمعہ کی شام حیدرآباد کے میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں معروف آرٹیکلچرل فوٹوگرافر و صحافی کے این واصف کی انگریزی تصنیف India’s Architectural Heritage کی رسم اجرا انجام دینے کے بعد حاضرین سے مخاطب تھے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کے این واصف کی کتاب بر وقت منظر عام پر آئی ہے جس میں حقیقی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ہے۔ محمود علی نے کہا کہ کے این واصف کی کتاب میں تصویریں ہمارے شاندار ماضی کی یادوں کو بے حد خوبصورت انداز پیش کیا گیا اور ہمارے کو وراثت کو اجاگر کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے واصف کو تصویری کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دی اور کہا کہ ملک کی تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے اس سلسلے کو جاری رکھنا چاہئیے۔
سینئر صحافی میر ایوب علی خان نے تاریخی عمارتوں پر مشتمل کافی ٹیبل بک کو منظر عام پر لانے کے لیے واصف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے استفادہ لیے اسے اسکولوں اور لائبریریوں میں رکھا جانا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا سفارت خانہ ہند ریاض اور انڈین کونسلیٹ جدہ نے بجا طور پر کے این واصف کو ان کے اس پروجکٹ میں ہمت افزائی اور تعاون کیا۔