اڈانی معاملہ میں بی جے پی کو بی آر ایس کی کھلی تائید : نظام الدین

n6428687421733874129658a891b4988493836e2ede94f6577d0ff7a8fe1fd6a9733c0c5efe5a3ee105bba9

کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے الزام عائد کیا کہ مودی اور اڈانی کے خلاف کانگریس پارٹی کی جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے بی آر ایس راست طور پر بی جے پی کی مدد کررہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید نظام الدین نے بی آر ایس قائدین پر الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی کے پارلیمنٹ میں مودی اور اڈانی کے خلاف احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے تلنگانہ اسمبلی کے روبرو اڈانی کی تصویر کے ساتھ احتجاج منظم کیا ہے۔ راہول گاندھی نے مودی اور اڈانی کی مفاہمت کو بے نقاب کیا اور بی آر ایس قائدین اڈانی کے مسئلہ پر کانگریس حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں، ان میں ہمت نہیں ہے کہ مودی اور اڈانی پر تنقید کریں۔ نظام الدین نے کہاکہ دونوں پارٹیوں میں مفاہمت واضح ہوچکی ہے اور بی آر ایس نے بی جے پی کے حق میں موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے اڈانی کیلئے کئی پراجکٹس کی منظوری دی تھی اور شفافیت کے بغیر یہ منظوری دی گئی۔ کے سی آر حکومت حقیقی معنوں میں اڈانی کی دوست تھی لہذا کانگریس حکومت کے خلاف نعرہ بازی سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کا مقصد حکومت کے کارناموں سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ نظام الدین نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی مخالفت کرتے ہوئے حیدرآباد کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے مجسمہ تلگوتلی کو متنازعہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ دس سالہ دور حکمرانی میں بی آر ایس نے سرکاری طور پر مجسمہ تیار نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت نے ایک سال کی مدت میں نہ صرف انتخابی وعدہ کی تکمیل کی بلکہ طبقاتی سروے کے ذریعہ ملک میں مثال قائم کی۔