مشہور طبلہ نواز ذاکر حسین کا انتقال ، 73 سال کی عمر میں لی آخری سانس، گریمی سمیت جیتے تھے کئی بڑے ایوارڈ

n6435277041734282374703fd627f82af8c4c1b439e638646a72fc09a7e0c5b6f5bfac0f2c23811b01c8b5a

مشہور طبلہ نواز ذاکر حسین کا انتقال ہوگیا ہے۔ طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں امریکہ کے شہر سان فرانسسکو کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں دل سے متعلق مسائل کا سامنا تھا۔ ان کی عمر 73 برس تھی۔ وہ بلڈ پریشر کی پریشانی میں مبتلا تھے۔ استاد ذاکر حسین کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے راجستھان کے کابینہ کے وزیر راج وردھن سنگھ راٹھور نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا کہ ذاکر حسین کی طبلے پر غیر معمولی مہارت نے موسیقی کی دنیا میں ایک لازوال میراث بنائی ہے۔ ان کے خاندان، دوستوں اور ان لاتعداد مداحوں سے میری گہری ہمدردی جن کی زندگیوں کو انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے متاثر کیا۔ ان کی موسیقی ہمیشہ ہمارے دلوں میں گونجتی رہے گی۔ وہیں ذاکر حسین کے دوست راکیش چورسیا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ گزشتہ ہفتے سے دل کی تکلیف کے باعث سان فرانسسکو کے ایک اسپتال میں داخل تھے۔ ذاکر حسین مشہور طبلہ نواز استاد اللہ رکھا کے بڑے بیٹے تھے۔ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے ہندوستان اور دنیا بھر میں کافی شہرت حاصل کی۔ وہ ہندوستان کے مشہور کلاسیکی موسیقاروں میں سے ایک تھے۔ انہیں سال 1988 میں پدم شری، سال 2002 میں پدم بھوشن اور سال 2023 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے موسیقی کی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ گریمی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔