ٹرمپ کا سعودی عرب کے دورہ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں اب سے ڈیڑھ ماہ کے اندر سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ٹرمپ کا پہلا بیرون ملک دورہ ہو گا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے حلف اٹھانے کے بعد کسی غیر ملکی قائد کے ساتھ پہلا ٹیلی فون رابطہ سعودی ولی عہد سے کیا تھا۔ امریکی حلقوں نے اسے 80 برس سے بنیادی شراکت دار اور دوست کی حیثیت رکھنے والے ملک کے لیے ایک بھرپور پیغام قرار دیا تھا۔ اس سے قبل امریکی صدر واضح کر چکے ہیں کہ وہ اپنے دورے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ العربیہ کو دیے خصوصی انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ خطے میں دوبارہ سے امن کی خاطر سعودی ولی عہد کے ساتھ کام کریں گے۔ رواں سال ڈیووس کانفرنس میں ٹرمپ نے یہ کہا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ایک عظیم شخصیت ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق بن سلمان کے ساتھ ان کا اچھا تعلق ہے۔ ٹرمپ نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب ، امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ امریکی صدر کے مطابق وہ سرمایہ کاری کا حجم 10 کھرب ڈالر تک لے جانے کے امکان پر ولی عہد کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
