حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے جنرل کنسلٹنٹ کے تقرر کی تیاری

16last_3

تلنگانہ حکومت نے میٹرو ریل پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے جنرل کنسلٹنٹ کے تقرر کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل فیس II کے پیاکیج I کے تحت 63 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ حیدرآباد ایئرپورٹ میٹرو لمیٹیڈ نے اہل کنسلٹنٹس سے درخواستیں طلب کی ہیں جنہیں پراجکٹ کی مجموعی طور پر نگرانی کرنی ہوگی۔ فیس II کے تحت پیاکیج I میں چار راہداریوں کو شامل کیا گیا ہے۔ راہداری 4 کے تحت ناگول تا راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، راہداری 5 رائے درگ تا کوکا پیٹ، راہداری 6 مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ اور راہداری 8 کے تحت ایل بی نگر تا حیات نگر میٹرو ریل کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ پیاکیج کی تکمیل کے لئے 4 سال کی مدت کا تعین کیا گیا ہے۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ راہداری کے کاموں کا جاریہ سال مئی میں ٹنڈر طلب کیا گیا تھا لیکن صرف ایک ٹنڈر کی وصولی کے سبب یہ مرحلہ ملتوی کردیا گیا۔ فیس II کے پیاکیج I میں پرانے شہر کے میٹرو ریل پراجکٹ کو دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ مرکز اور ریاست کے مشترکہ ونچر کے طور پر پراجکٹ کی تکمیل کا منصوبہ ہے جبکہ دونوں کی حصہ داری فی کس 20 فیصد رہے گی۔ 60 فیصد فنڈس مالیاتی اداروں سے بطور قرض حاصل کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 اگست کو ماقبل ٹنڈر میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی ضروری منظوریوں کے حصول میں اہم رول ادا کریں۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے تاحال میٹرو پراجکٹ کے لئے ضروری منظوریوں پر فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ریلویز کارپوریشن کی جانب سے قرض کی منظوری کا تیقن بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔