حیدرآباد میں ـC-130J طیاروں کے پرزوں کی تیاری، 80 طیاروں کے معاہدہ پر نظر

TOP_21-3

امریکی سفیر سرجیو گور نے حیدرآباد میں ٹاٹا۔لاک ہیڈ مارٹن ایرواسٹرکچرز مرکز کے دورہ کے موقع پر ہندوستان میں C-130J فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کے اہم ساختی پرزوں کی تیاری کو ہند۔امریکہ دفاعی تعاون کی مضبوط مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صنعت عالمی C-130J پروڈکشن نٹ ورک میں اہم کڑی بن چکی ہے۔ ٹاٹا اور لاک ہیڈ مارٹن کا جوائنٹ وینچر ہندوستانی فضائیہ کے لیے 80 درمیانے درجے کے ٹرانسپورٹ طیاروں کی ممکنہ کئی ارب ڈالر کی خریداری کے معاہدہ کا امیدوار ہے۔ C-130J کے علاوہ Embraer C-390 Millennium اور Airbus A-400M بھی اس مقابلہ کے اہم دعویدار ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ اس وقت 12C-130J طیارے استعمال کر رہی ہے۔ 2010 ء میں قائم جوائنٹ وینچر امریکہ میں تیار ہونے والے نئے C-130J Super Hercules طیاروں کے لیے empennage assemblies کا واحد عالمی ذریعہ ہے۔ ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز کے مطابق حیدرآباد مرکز کی سرگرمیاں اب مرمت و دیکھ بھال (MRO) تک بھی توسیع پا رہی ہیں، جس کا افتتاح رواں سال دسمبر میں متوقع ہے۔ C-130J طیارے دنیا کے 23 ممالک میں 28 آپریٹرز کے زیر استعمال ہیں، جبکہ اب تک 560 سے زائد طیارے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ نے 80 تک درمیانے ٹرانسپورٹ طیاروں کے حصول کے لیے 2023 میں ابتدائی ٹینڈر/RFI جاری کیا تھا۔