محبوب نگر ضلع کو پانی کی اجرائی سے ڈی کے شیو کمار کا اتفاق

چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار نے متحدہ محبوب نگر ضلع کی آبپاشی ضروریات کی تکمیل کیلئے نارائن پور ڈیم سے جرالہ پراجکٹ پانی جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ تلنگانہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے بنگلور میں دو مرتبہ ڈی کے شیو کمار سے ملاقات کی اور نارائن پور ڈیم سے پانی کی اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور وزیر اسپورٹس وی سری ہری کے علاوہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے عوامی نمائندے وفد میں شامل تھے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈی کے شیو کمار سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے متحدہ محبوب نگر ضلع میں آبپاشی ضروریات کی تکمیل کے لئے پانی جاری کرنے کی نمائندگی کی تھی ۔ تلنگانہ کے وفد میں کل اور آج چیف منسٹر کرناٹک سے ملاقات کی ۔ کرناٹک کے وزیر آبپاشی اور دیگر عہدیدار بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے ۔ چیف منسٹر کرناٹک نے محبوب نگر ضلع کو خشک سالی کی صورتحال سے بچانے کیلئے پانی جاری کرنے سے اتفاق کیا ۔ ریاست وزراء نے بتایا کہ تلنگانہ میں مانسون کی ناکامی کے سبب کسان کھڑی فصلوں کو بچانے کیلئے دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ نارائن پور ڈیم سے اگر جرالہ پراجکٹ میں پانی جاری کیا گیا تو متحدہ محبوب نگر ضلع کے کئی علاقوں کو پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈی کے شیو کمار نے کرناٹک کے وزیر آبپاشی سی ایچ سوامی اور کرناٹک کی چیف سکریٹری ڈاکٹر پی راجنیش سے بات چیت کرتے ہوئے پانی کی جلد اجرائی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے آئندہ 10دنو ں میں نارائن پور سے جرالہ کو پانی کی اجرائی سے اتفاق کیا ۔1/S
اس موقع پر سابق وزیر ایس ایس بوس راجو اور محکمہ آبپاشی کے عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر وزراء اور ارکان اسمبلی کے وفد نے بنگلور پہنچ کر ڈی کے شیو کمار سے ملاقات کی ۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متحدہ محبوب نگر ضلع کیلئے پانی کی اجرائی پر ڈی کے شیو کمار سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کو ایک دوسرے کے مسائل کی یکسوئی کیلئے تعاون کرنا چاہیئے ۔ کرناٹک کے تیقن کے بعد آج صبح جرالہ سے پانی جاری کیا گیا ۔
