26 ستمبر تا 3 اکٹوبر کے دوران بینکس صرف ایک دن ہی کھلے رہیں گے

تلنگانہ میں 26ستمبرتا 3 اکٹوبر کے دوران محض ایک دن بینک کھلا رہے گا جبکہ مابقی ایام کے دوران بینک بند رہیں گے۔یونائیٹڈ فورم آف بینک کی جانب سے معلنہ 28 تا30 ستمبر بینکوں کی ہڑتال کے اعلان کے بعد25کو گنیش وسرجن‘ 26ستمبر کو آخری ہفتہ کی تعطیل‘ 27کو اتوار کی تعطیل کے بعد پیر28 تا 30 ستمبر ہڑتال یکم اکٹوبر کو کام کا دن ہوگا اور اس کے بعد 2اکٹوبر کو گاندھی جینتی کی عام تعطیل ہوگی۔ اس طرح 26 ستمبر سے بینک خدمات زائد از ایک ہفتہ بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بینک ملازمین اور ان کی تنظیموں کی جانب سے بینکوں میں 5دن خدمات کا ہفتہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیش کی گئی یادداشت پر عمل آوری کے لئے دباؤ ڈالنے کے علاوہ دیگر مطالبات کی یکسوئی کے لئے جاریہ ماہ کے دوران 11 ستمبر کو ہڑتال کی گئی تھی اور اس ہڑتال کے دوران ماہ ستمبر میں 28 تا30 ستمبر کے دوران ہڑتال کا اعلان کیاگیا تھا ۔ بتایاجاتا ہے کہ انڈین بینکس اسوسیشن اور بینک ایمپلائز یونین نے سال 2023 میں جو سفارشات پیش کی تھیں ان پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے کی جانے والی ہڑتال کے دوران بینک کاری نظام سے جڑے ہوئے افراد کو جاریہ ماہ کے اواخر میں ہڑتال کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں جن اداروں اور انفرادی اشخاص کا تعلق بینک کی شاخوں سے ہوتا ہے اور جو لوگ بینک کاری نظام سے مربوط رہتے ہوئے روزانہ کے اساس پر بینک کی شاخ جاتے ہیں ان کے کام شدید متاثر ہوسکتے ہیں اسی لئے 24 ستمبر کو انہیں اپنے کام مکمل کرلینے چاہئے کیونکہ اس کے بعد انہیں بینک شاخ پر فراہم کی جانے والی خدمات یکم ؍ اکٹوبر کو ہی حاصل ہوں گی اور اس کے بعد دوبارہ 2 اکٹوبرکی تعطیل کے بعد 3اکٹوبر کو بینک خدمات انجام دیں گے اور اس کے بعد 4اکٹوبر کو اتوار ہوگا۔بینک کی معمول کے مطابق خدمات 5اکٹوبر سے شروع ہوں گی اور یونائیٹڈ فورم فار بینک یونین نے 26 اکٹوبر سے غیر معینہ مدت کی بینک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت اور وزارت فینانس بینک ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں سے 28تا30 ستمبر کے دوران ہونے والی ہڑتال کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد مذاکرات کے لئے طلب کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اسی لئے بینک یونینوں کے ذمہ داروں نے اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کے اقدامات کو تیز کردیا ہے۔
