دنیا کے گیارہ چھوٹے ممالک کی معاشی حالت بڑے ممالک سے بہتر

TOP_17-5

ایسے وقت جبکہ دنیا بھر میں مہنگائی کا دور دورہ ہے اور بیشتر ممالک میں افراطِ زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، افراطِ زر جسے عرفِ عام میں مہنگائی یا قیمتوں میں اضافہ بھی کہا جاتا ہے ، کئی ممالک اس صورتحال سے متاثر ہیں۔ ان حالات میں دنیا کے گیارہ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں افراطِ زر کی شرح انتہائی کم ہے۔ ان میں تین ممالک تو ایسے ہیں جہاں افراطِ زر کی شرح منفی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان گیارہ ممالک کا شمار چھوٹے ممالک میں ہوتا ہے ، جبکہ بیشتر بڑے ممالک مہنگائی کی صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔ 2026ء میں دنیا کے گیارہ ایسے ممالک کی نشاندہی کی گئی جہاں مہنگائی کی شرح انتہائی کم ریکارڈ ہوئی ہے ۔ نائیجیریا ایسا ملک ہے جہاں افراطِ زر کی شرح منفی 1.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوسٹاریکا میں منفی 0.8 فیصد اور چاڈ میں منفی 0.7 فیصد افراطِ زر کی شرح ریکارڈ کی گئی۔ لیختنسٹائن ایسا ملک ہے جہاں افراطِ زر کی شرح معمولی ریکارڈ کی گئی جو 0.7 فیصد رہی۔ سوازی لینڈ میں 0.7 فیصد، بینن میں 0.8 فیصد، برونائی دارالسلام میں 0.8 فیصد، گیبن میں 0.8 فیصد، ٹرینیڈاڈ میں 0.8 فیصد، مراکش میں 0.9 فیصد اور سچلس میں 0.9 فیصد افراطِ زر کی شرح ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے ممالک کے مقابلے چھوٹے ممالک میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کی وجوہات مختلف ہیں، کیونکہ وہاں حکومت کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ دفاعی اور دیگر شعبہ جات میں زائد اخراجات کے سبب بڑے ممالک کو زائد فنڈز اور بجٹ درکار ہوتا ہے۔ حکومت کے مصارف کی تکمیل کیلئے عوام پر زائد بوجھ عائد کیا جاتا ہے جو ٹیکسوں کی صورت میں ہوتا ہے ، جس سے قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوتا ہے ۔ 2026ء میں کم افراطِ زر کے ریکارڈ میں شامل 11 ممالک کا شمار چھوٹے ممالک میں ہوتا ہے۔ ماہرین نے ان ممالک کو خوشحال ممالک قرار دیا ہے۔