میر عالم منڈی کی بحالی میں تاخیر رقمی منظوری کے باوجود تساہلی

n6510574081738970286065ed075a6c2298e4e17edc3a9cc73803fc11a400b805d0414909a81d491df023a8

حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقع 200 سالہ قدیم تاریخی میر عالم منڈی ( ترکاری کی منڈی ) کی بحالی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس مشہور بازار کو بحال کرنے کی ذمہ داری قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو دی تھی جس کے لیے 10.50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے ۔ سبزی منڈی کی بحالی کا منصوبہ سرکاری طور پر اپریل 2023 میں شروع ہوا تھا اور اسے 18 ماہ میں مکمل کرنے کے ابتدائی منصوبے کے ساتھ شروع کیا گیا ۔ تاہم کئی رکاوٹوں کی وجہ سے پیش رفت کافی سست ہوگئی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تاخیر کی وجہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ٹھیکیداروں کو ادائیگی کیلئے ناکافی فنڈز ہیں جس کی وجہ سے بحالی کاموں میں سست روی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ میر عالم منڈی جو پانچ ایکر اراضی پر پھیلی ہوئی ہے ۔ جس میں 350 سے زائد دکانات ہیں یہ بازار جو حیدرآباد کے شاندار ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے ۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ کے اہلکاروں نے اس کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے مارکٹ کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ تاخیر کے باوجود حکام مارکٹ کو تبدیل کرنے اور اسے بحال کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ تاہم فنڈز کے مسائل اور پیش رفت کی سست رفتار کے ساتھ یہ واضح نہیں ہے کہ بحالی کب مکمل ہوگی ۔ اس کی تکمیل کے بعد اس کی تاریخی اہمیت برقرار رہے گی اور شہر کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے اس کی بنیادی ڈھانچے کو بھی اپ گریڈ کرے گا ۔ منصوبہ کے تحت مارکٹ میں بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کی از سر نو تشکیل شامل ہے ۔ ایل ای ڈی لائیٹنگ کی تنصیب ، سڑکوں کی بحالی اور بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرانسفارمر بھی نصب کیا جائے گا ۔ جس سے اس کی شان میں مزید اضافہ ہوگا ۔۔