بیرون ملک ملازمتوں کیلئے نوجوانوں کی رہنمائی اور مدد ، ٹام کام سے تعاون : عامر علی خاں

n6531851391740280758053c5da93b3d46385f612e4ac7b6a91a789f8a26185dc45f7209366ca9d68363a67

عامر علی خاں ایم ایل سی نے پر زور انداز میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بے کار کاموں میں اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے ہمارے بچے تعلیم و ہنر اور آمدنی کے ذرائع کیسے پیدا کریں اس پر توجہ مرکوز کریں ۔ اگر ہماری نوخیز و نوجوان نسل ایسا کرتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت بھی انہیں ترقی سے نہیں روک سکتی ۔ بس انہیں وقت کی قدر کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ ویسے بھی وقت کا صحیح استعمال بھی ایک فن ہے جو آپ کو کئی ایک فنون کا ماہر بنادیتا ہے ۔ آپ میں غیر معمولی مہارت پیدا کرتا ہے ۔ وہ سیاست آڈیٹوریم میں سیاست ہب کی جانب سے بیرون ملک روزگار کے مواقع کے زیر عنوان منعقدہ اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ٹام کام (تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی لمٹیڈ ) کے اعلیٰ عہدہ دار محترمہ شبنا ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر و منیجر نام کام اور مسٹر رتیش کمار مشرا کوآرڈینٹر ٹام کام و انچارج فار نان میڈیکل اوورسیز جابس بھی موجود تھے ۔ اس اورینٹیشن پروگرام میں خاص طور پر متحدہ عرب امارت کی مشہور و معروف ٹائلس کمپنی راس الخیمہ سیرامکس میں سرامک کاسٹر ، جونیر پروسیس آپریٹر اور ٹرینی کاسٹر کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیوں کے بارے میں امیدواروں کے ساتھ تفصیلات شیئر کی گئیں ۔ ان جائیدادوں کے لیے 24 اور 25 فروری کو آئی ٹی آئی ملے پلی کیمپس میں انٹرویو ہونے والے ہیں ۔ 3 میں سے دو جائیدادوں کے لیے تعلیمی قابلیت صرف دسویں جماعت کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ معقول تنخواہ کے ساتھ قیام و طعام اور ٹرانسپورٹیشن مفت رہے گا ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ TOMCOM نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ امریکہ ، برطانیہ ، کینڈا ، غرض دنیا بھر کے ملکوں میں تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دلانے میں مصروف ہے ۔ خاص طور پر پلمبر ، الیکٹریشن ، میستری ، کنسٹرکشن ، لیبر ، اسٹور کیپر ، اکاونٹنٹ ، آئی ٹی سے متعلق ملازمتیں دلانے میں ٹام کام اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ اس لیے سیاست ہب نے اس سرکاری ادارہ کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا ۔ چنانچہ ٹام کام کی جانب سے بیرونی ممالک میں بھرتیوں سے متعلق اعلامیے اور پریس نوٹ پر روزنامہ سیاست میں خصوصی رپورٹس شائع کی جائیں گی تاکہ ہمارے ملت کے نوجوانوں کو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ یوروپی ملکوں میں بھی روزگار کے مواقع حاصل ہوں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاست ہب نے ہمارے بیروزگار لڑکے لڑکیوں کو شہری ہوا بازی اور مہمان نوازی کے شعبہ میں پرکشش روزگار سے جوڑنے کے لیے JET NEXUS ایرہوٹس اینڈ ہاسپٹالیٹی ٹریننگ اکیڈیمی اور ماروتی کارس کے اشتراک و تعاون کے ساتھ خصوصی پراجکٹس شروع کئے جس میں بالترتیب 50 فیصد فیس اور 7 ہزار میں سے 3 ہزار روپئے فیس ( ووچرس ) کی شکل میں امیدواروں کو دی جارہی ہے ۔ جناب عامر علی خاں کے مطابق ہمارے بچے 98 فیصد دماغ دوسرے کاموں پر لگا دیتے ہیں جب کہ صرف اپنے دماغ کا صرف دو فیصد استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے ماں باپ سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر مند بھی بنائیں ۔ اس موقع پر امیدواروں اور ان کے والدین و سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اپنے خطاب میں محترمہ شبنا منیجر ٹام کام نے پر اثر انداز میں امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کو بتایا کہ کس طرح ٹام کام بیرونی ممالک پرکشش ملازمتوں کے مواقع سے متعلق تفصیلات پیش کی اور بتایا کہ اب تک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ ، امریکہ ، کینڈا ، فیجی ، جاپان وغیرہ میں تلنگانہ کے نرسیس ( مرد ؍ خاتون نرسس ) کے بڑے پیمانے پر تقررات عمل میں آئے ہیں ۔ خوشی اس بات کی ہے کہ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی جیسی ہمدرد شخصیت اور روزنامہ سیاست ٹام کام کی مدد کے لیے آگے آیا ہے ۔ اور وہ ٹام کام کا کام انسان کررہے ہیں ۔ شبنا نے یہ بھی بتایا کہ ٹام کام کی جانب سے جاپانی ، جرمن ، انگریزی ، جیسی زبانیں بھی سکھائی جارہی ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں ہماری ریاست کے نوجوانوں کو پرکشش ملازمتیں حاصل ہورہے ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور یوروپ میں تلنگانہ کے مرد ؍ خاتون نرسیس کی زبردست مانگ ہے ۔ مسٹر رتیش کمار مشرا کوآرڈینٹر ٹام کام فار نان میڈیکل اوورسیز جابس نے کہا کہ بیرونی ممالک ہنر مندوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع ہیں اور ٹام کام وہاں روزگار کے حصول میں تلنگانہ کے نوجوانوں کی ترجیحی بنیادوں پر رہنمائی کررہا ہے ۔ امیدوار ٹام کام کی ویب سائٹ پر تفصیلات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں ۔ ڈائرکٹر سیاست ہب زاہد فاروقی اور محمد ریاض احمد نے بھی سیاست ہب کے ذریعہ اختراعی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کی رہنمائی اور انہیں روزگار سے جوڑنے سے متعلق تفصیلات فراہم کی ۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی رہا جبکہ سیاست ہب کے مسٹر اسنے ہت اور سائی سری بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ جلد سیاست ہب سے بیرونی ممالک جانے کے خواہاں امیدواروں کیلئے IELTS کی کوچنگ شروع کی جارہی ہے ۔