مسجد الحرام سے مریض کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا

سعودی عرب کی ‘ ہلال احمر اتھارٹی’ نے ایئرایمبولینس کے لیے دو ہوائی اڈوں کا افتتاح کیا ہے۔ اس سلسلے میں مسجد الحرام سے پہلی فضائی طبی سہولت فراہم کی گئی۔سعودی خبر رساں ادارے ‘ایس پی اے’ کے مطابق مسجد الحرام میں ایک شخص کو سینے میں درد محسوس ہوا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد مریض کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی لے جایا گیا۔ جہاں اس کا مزید علاج کیا جائے گا۔ خیال رہے صحت کے شعبے میں حجاج کی امداد کے لیے سعودی عرب نے ایئر ایمبولینس کے لیے دو ہوائی اڈوں کا افتتاح کیا ہے۔ یہ ایئر ایمبولینس 24 گھنٹے خدمات فراہم کریں گی اور مریض کو فوری ہسپتال پہنچانے کا کام کریں گی۔ اس سلسے میں مسجد الحرام میں ہسپتال کا افتتاح بھی کیا گیا ہے۔سعودی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ‘مقدس ترین مقامات پر صحت سے متعلق جدید سہولیات کی فراہمی سے درپیش مسائل میں کمی آئے گی۔ وزیر صحت فہد الجلاجیل نے کہا ‘سعودی عرب حجاج کی صحت و تندرستی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ حجاج کی خدمت کے دائرے کو وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ رفتار میں بہتری کے ذریعے آگے بڑھاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ‘یہ اقدام اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ مقدس ترین مقامات پر حجاج کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم ہوتی ہیں۔ مریض کی ضرورت کے مطابق ان کی ہسپتالوں میں منتقلی یقینی بنائی جاتی ہے۔ فہد الجلاجیل نے کہا ‘ایئر ایمبولینس کی مدد سے مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ تاکہ ان کی صحت مکمل بہتری کی طرف آسکے۔ اس سلسلے میں مزید ایئر ایمبولینس فراہم کی جا سکتی ہیں۔ وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ‘الحرم ایمرجنسی ہستپال’ گرینڈ مسجد کے اندر طبی سہولت ہے۔ اس میں جدید ترین طبی آلات اور ماہر ڈاکٹرز موجود ہوں گے۔ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ، لیبارٹری، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور فارمیسی کی سہولت موجود ہے۔علاوہ ازیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی سہولت کے ساتھ ساتھ متعدی بیماریوں کے علاج کے لیے ڈیپارٹمنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
