فیوچر سٹی ماسٹر پلان ڈسمبر میں منظر عام پر آئیگا

future-city

حکومت کے ترجیحی منصوبہ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خوابوں کا شہر ’فیوچرسٹی ‘ کے ماسٹر پلان کا جاریہ سال کے اواخر میں اجراء عمل میں لایا جائیگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے ’فیوچر سٹی‘کیلئے جو منصوبہ بندی کی ہے اسے قطعیت دینے سنگاپور کی سرکاری کنسلٹنسی ’سربانا جورونگ ‘ جلد اس کے سلسلہ میں اپنی توسیعی منصوبوں اور ’ماسٹر پلان ‘ کو پیش کرنے کامنصوبہ حکومت کو پیش کریگی۔ بتایا گیا کہ ڈسمبر کے اواخر میں اس منصوبہ کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 30 ہزار ایکڑ پر محیط ’فیوچرسٹی ‘ کی تعمیر کیلئے حکومت کے منصوبہ اور اس کیلئے اراضیات میں تاحال حکومت کے پاس 20ہزار ایکڑ اراضیات موجود ہیں اور مزید 10 ہزار ایکڑ اراضیات کا حصول باقی ہے جو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق فیوچر سٹی میں مصنوعی ذہانت پر مشتمل شہر‘ ہیلت سٹی ‘ لائف سائنس کا مرکز ‘ تعلیمی مراکز ‘ کے علاوہ صنعتی علاقہ بھی قائم کیا جائے گا ۔ حکومت نے فیوچر سٹی میں کھیل کود ‘ تفریحی سرگرمیوں ‘ و ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ بھی تیار کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ریاستی حکومت نے ’فیوچر سٹی ‘ کو عالمی سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کرنے کی جو منصوبہ بندی کی ہے اس کے مطابق اس نئے شہر کو ترقی دی جائے گی۔فیوچر سٹی میں سرگرمیوں کیلئے آئندہ چندماہ میں عالمی سطح کے اجلاس منعقد کرنے کے علاوہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے طرز پر پروگرام منعقد کرنے کی حکمت عملی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے آئندہ چند ماہ میں ماسٹرپلان کو قطعیت دے کر علاقہ کی ترقی کے اقدامات کوتیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مابقی 10 ہزار ایکڑ اراضی کے حصول کے اقدامات کو تیز کریں تاکہ منصوبہ میں تبدیلی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ آئے اور نہ پراجکٹ کے ترقیاتی کاموں میں کسی طرح کی رکاوٹ سے حکومت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے۔