آؤٹر رنگ روڈ پر غیر قانونی پارکنگ کے سبب حادثات میں اضافہ: ریونت ریڈی

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شہر میں سڑکوں کی ترقی ، توسیع اور انتظامی امور پر اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق جیش رنجن ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج ، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد ، کلکٹر رنگا ریڈی نارائن ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست کے تمام روڈ نیٹ ورک کو ایک مربوط نظام کے تحت لایا جائے تاکہ اراضی کے حصول ، مالیاتی انتظام ، قرض کے حصول ، سڑکوں کی تعمیر اور دیکھ بھال جیسے امور کو ایک پلیٹ فارم پر موثر انداز میں انجام دیا جاسکے۔ آؤٹر رنگ روڈ ، ریجنل رنگ روڈ ، شہر کے فلائی اوورس ، انڈر پاسیس اور دیگر تمام سڑکوں کو اسی نظام کے تحت شامل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے آؤٹر رنگ روڈ کی ناقص دیکھ بھال پر سخت ناراضگی جتائی اور کہا کہ جگہ جگہ گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ کے سبب حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ کنٹراکٹر کی لاپرواہی ناقابل قبول ہے اور سڑک کی دیکھ بھال اور نگرانی مسلسل کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ترقیاتی حقوق کی منتقلی سے متعلق TDR پالیسی پر عمل آوری کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی اراضیات پر نئے سسٹم کے تحت تفصیلات کو آن لائین کیا جائے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی اور بدعنوانی کی گنجائش نہ رہے۔ چیف منسٹر نے ریڈیل سڑکوں کی تعمیر میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کونگرا کلاں سے فیوچر سٹی تک ریڈیل روڈ نمبر 1 کو 9 ڈسمبر تک مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے تعمیراتی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مستقبل میں مسائل سے بچنے کیلئے تعمیری کاموں میں استعمال ہونے والی مٹی کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سڑکوں کی دونوں جانب شجرکار اور سرسبز ماحول کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے ایلیویٹیڈ کوریڈار 1 اور 2 کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیویٹیڈ کوریڈار 3 کے تحت بنجارہ ہلز سے شلپا لے آؤٹ تک سڑک کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کا مستقبل جدید اور مضبوط سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے سڑکوں کے توسیعی کام میں اراضیات کے حصول کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔
