تلنگانہ میں SIR : 93 لاکھ کے منجملہ 31لاکھ ووٹرس سماعت کیلئے پہنچے

ریاست میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظر ثانی (SIR) کے تحت ڈرافٹ ووٹر لسٹ کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے لیکن نوٹس کے جواب میں ووٹرس کی عدم دلچسپی نے انتخابی حکام کی جانب سے فیلڈ لیول پر بلاک لیول آفیسرس کے ذریعہ ریاست بھر میں جملہ 92.88 لاکھ ووٹرس کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ، تاہم حیران کن طور پر ان میں سے ایک تہائی ووٹرس نے بھیاب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ جاری کردہ نوٹس کی سماعت کے دوران اب تک صرف 31لاکھ ووٹرس نے انکوائری سنٹرس میں شرکت کی اور اپنے ضروری دستاویزات جمع کرائے ہیں ۔ ان میں سے 22لاکھ ووٹرس کی تمام تفصیلات اور دستاویزات درست پائے جانے پر انہیں عہدیداروں نے اہل قرار دیا ہے ۔ 9لاکھ ووٹرس کے دستاویزات میں غلطیوں یا وضاحت کی کمی کی وجہ سے انہیں اضآفیثبوت جمع کرانے کا موقع دیا گیا ہے ۔ 60لاکھ سے زائد ووٹرس اب تک بھی سماعت کیلئے تفتیشی مراکز نہیں پہنچے ، جس کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں نوٹس کی چھان بین زیرالتواء کا شکار ہے ۔ مسودہ ووٹر لسٹ میں غلطیوں 2002 کے SIR ریکارڈ سے میاپنگ نہ ہونے اور عمر ، والد کے نام یا خاندانی تعلق کی تفصیلات میں فرق کی وجہ سے یہ نوٹسیں جاری کئے گئے تھے جن کی تصدیق FROs کے سامنے ہونی ہے ، تاہم اپنے کام کے دباؤ یا دوری کی وجہ سے اکثر ووٹرس مراکز پر آنے سے قاصر ہیں ۔ ووٹرس کی سہولت کیلئے چیف الکٹورل آفیسر نے قوانین میں نرمی کا اعلان کیا ہے کہ نوٹس موصول ہونے والے افراد کا خود سماعت کیلئے پہنچنا ضروری نہیں ہے بلکہ خاندان کا کوئی بھی بالغ فرد ضروری دستاویزات کے ساتھ ERO کے پاس جاکر وضاحت فراہم کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ کسی نمائندے کے ذریعہ دستاویزات بھیجنے کی بھی اجازت دی گئی ہے ۔ مناسب وقت اور قوانین میں نرمی کے باوجود ردعمل بہت کم ملنے پر عہدیدار اب ووٹرس سے فون نمبرس کے ذریعہ خود رابطہ کررہے ہیں ۔ بی ایل اوز گھر گھر پہنچ کر لوگوں کو آگاہ کررہے ہیں کہ وہ نوٹس کا سبب جان کر متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں تاکہ ان کا حق رائے دہی منسوخ نہ ہوجائے ۔ جہاں روزآنہ لاکھوں کی تعداد میں انکوائریاں ہونی چاہیئے وہاں صرف ہزاروں افرا دکا اندراج فائنل ووٹر لسٹ کی تیاری میں سنگین اثر ڈال سکتا ہے ۔ اعتراضعات اور دعوے وصول کرنے کی آخری تاریخ 7 اکٹوبر کو ختم ہورہی ہے جبکہ ووٹرس نوٹس کی سماعت 5 نومبر تک مکمل کرنی ہے ۔ ان حالات میں جب تک ووٹرس کے ردعمل میں اضافہ نہیں ہوتا SIR-2026 کے عمل کو وقت پر اور آسانی سے مکمل کرنا بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔
